وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کی سعودی سفیر سے ملاقات
جمعرات 25 جولائی 2024 15:20
نواف بن سعید احمد المالکی نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں مکمل تعاون کرے گا۔ (فوٹو: وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن)
پاکستان کی وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات کی ہے۔
وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن اور سعودی سفیر کی جمعرات کو ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کے مابین آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر میں تعلقات کو مزید فروغ دینے پر گفتگو ہوئی۔
شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا پاکستان سعودی عرب کے ساتھ آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعلقات کو وسعت دینے کا خواہاں ہے، پاکستانی ٹیک کمپنیوں کے لیے سعودی عرب پرکشش مارکیٹ ہے، چاہتے ہیں کہ پاکستانی کمپنیوں کے لیے سعودی عرب میں باآسانی آمدورفت ہو، سعودی عرب پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے ساتھ رجسٹرڈ کمپنیوں کو ویزا کے حصول میں آسانیاں اور سپورٹ فراہم کرے۔
انہوں نے کہا سعودی عرب کے ساتھ سائبر سکیورٹی کے میدان میں بھی کام کرنا چاہتے ہیں۔
سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں مکمل تعاون کرے گا، پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کو ویزا کے حصول اور آمدورفت میں سپورٹ فراہم کریں گے۔
ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل کوآرڈینیشن سید جواد علی شیرازی بھی موجود تھے۔