ایئرایمبولینس کے ذریعے ترکیہ سے مریضہ کی مملکت منتقلی
جمعرات 25 جولائی 2024 18:20
سعودی سفارت کاروں نے مریضہ کی منتقلی کے تمام انتظامات مکمل کیے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
وزارت دفاع میں امور صحت کی کمیٹی نے ایئرایمبولنس کے ذریعے ترکیہ سے بیمار سعودی خاتون کو وطن منتقل کیا۔ خاتون کو ترکیہ کے شہر طرابزون سے منتقل کیا گیا۔
اخبار 24 کے مطابق ترکیہ میں موجود سعودی سفارتخانے کو بیمار خاتون کی وطن منتقلی کے لیے درخواست موصول ہوئی جس پر سفارتی اہلکارخاتون تک پہنچنے اور انہیں وطن منتقل کرنے کے لیے دستاویزات کی تیاری جلد ہی مکمل کرلی۔
سفارت کاروں نے وزارت دفاع کے شعبہ امور صحت سے رجوع کیا۔ وزارت دفاع کی صحت کمیٹی نے فوری طورپر فضائی ایمبولینس کا انتظام کرکے اسے ترکیہ روانہ کیا۔
ترکیہ میں موجود سعودی سفارتکاروں نے خاتون کو ان کی قیام گاہ سے ایمبولینس کے ذریعے ایئرپورٹ پہنچایا جہاں پہلے سے موجود ایئرایمبولینس کے ذریعے انہیں وطن منتقل کردیا گیا۔
واضح رہے وزارت دفاع کے امور صحت کے شعبے نے رواں برس کی پہلی ششماہی کے دوران اندرون و بیرون مملکت سے 472 پروازوں کے ذریعے 1385 مریضوں کو فضائی امداد کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔