نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور سعودی سفیر نواف المالکی کی ملاقات، باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
ہفتہ 27 جولائی 2024 14:27
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور سعودی عرب کے سفیر نواف المالکی نے دونوں برادر ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
سینیچر کو پاکستان کے وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی سفیر نواف المالکی کی ملاقات ہوئی ہے۔
بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں پاکستان اور مملکت کے درمیان مثبت برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں جو دیگر موضوعات زیرِبحث آئے اُن میں تعلیم، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانا شامل تھا۔
اجلاس میں شریک سیکرٹری تعلیم نے اسلام آباد میں لڑکیوں کی تعلیم پر مسلم ممالک کی آئندہ کانفرنس کے بارے میں بریفنگ دی۔
ملاقات کا اختتام دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کے اعادہ کے ساتھ ہوا۔