Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خلیل الرحمان قمر کیس کا ڈراپ سین: مرکزی ملزم گرفتار، ملزمہ کے ریمانڈ میں توسیع

ڈرامہ نگار کی درخواست پر اغوا اور ڈکیتی کی دفعات کے تحت تھانہ سندر لاہور میں مقدمہ درج کیا گیا تھا (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
لاہور پولیس نے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمرکے اغوا اور ڈکیتی سے متعلق کیس کے مرکزی ملزم حسن شاہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
ڈی آئی جی انویسٹیگیشن لاہور عمران کشور نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’اس کیس میں پہلے ہی پولیس نے 12 ملزمان گرفتار کر رکھے ہیں جن میں وہ خاتون آمنہ بھی ہیں جنہوں نے خلیل الرحمٰن قمر کو ہنی ٹریپ کیا تھا۔‘
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’خلیل الرحمان کے بیان کے مطابق ایک شخص ایسا بھی تھا جس نے ان کے اے ٹی ایم سے پیسے نکلوائے تھے اور وہ سب کو لیڈ کر رہا تھا۔‘
’حسن شاہ اور اس کے ایک اور  ساتھی کو پشاور سے گرفتار کیا گیا ہے۔‘
ایک طرف پولیس نے مرکزی ملزم حسن شاہ کو گرفتار کیا ہے تو دوسری طرف اسی واقعے سے متعلق ایک ویڈیو کلپ بھی انٹرنیٹ پر وائرل ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ’یہ ویڈیو بھی مرکزی ملزم کے پاس تھی۔ تاہم ابھی یہ اندازہ نہیں ہو سکا کہ مرکزی ملزم نے گرفتاری سے قبل اس ویڈیو کو وائرل کیا یا اس گرفتاری کے ردعمل میں کسی دوسرے شخص کے ذریعے اس ویڈیو کے کچھ حصوں کو جاری کیا ہے۔‘
دوسری جانب لاہور کہ عدالت میں آج (منگل کو) اس مقدمے کی سماعت ہوئی جس کے بعد عدالت نے ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ میں مزید دو دن کی توسیع دے دی ہے۔
پولیس کے مطابق اس کیس کے تمام کردار اب گرفتار ہیں جن سے تفتیش جاری ہے۔ پہلے سے گرفتار 12 ملزمان اس وقت جیل میں ہیں۔
واضح رہے 21 جولائی  کو خبر سامنے آئی تھی کہ خلیل الرحمان قمر کے ساتھ ڈکیتی اور اغوا کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے بعد لاہور کے مضافاتی علاقے سُندر میں پولیس نے واقعے کا مقدمہ خلیل الرحمان کے بیان پر درج کیا تھا۔
اس کے اگلے روز پیر کو ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ (او سی یو) عمران کشور نے لاہور میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث 12 ملزمان گرفتار کر لیے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا تھا کہ ’خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کرنے والی خاتون کو بھی گرفتار کر لیا گیا جن سے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔‘
ڈرامہ نگار کی درخواست پر اغوا اور ڈکیتی کی دفعات کے تحت تھانہ سندر لاہور میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزمان خلیل الرحمان قمر کو اغوا کر کے ان سے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کرتے رہے۔ تاوان کی رقم نہ دینے پر ملزمان نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔‘
ملزمان کو وقوعہ کے چند گھنٹوں بعد ہی ٹریس کرکے گرفتار کر لیا گیا اور ان سے وقوعہ میں استعمال ہونے والی تین  گاڑیاں ، وائر لیس سیٹ، جدید رائفلیں، پسٹلز اور درجنوں گولیاں برآمد ہوئیں۔

شیئر: