جمعیت علمائے اسلام کے قائدین کے اعزاز میں حافظ ذاکر جذبی اور نعمان مقصودکا عشائیہ
طائف (ابو علی بڈانی) جمعیت علمائے اسلام کے رہنما اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کے اعزاز میں حافظ ذاکر جذبی اور معروف کاروباری شخصیت نعمان مقصود نے افطارڈنر دیا۔ مقامی شخصیات سمیت مکہ مکرمہ سے اہم لوگوںنے شرکت کی۔ مولانا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں جمعیت علمائے اسلام کے صد سالہ اجتماع میں لاکھوں کارکنان کی شرکت اورامام حرم سمیت کئی اہم علماءکی سرپرستی نے دشمنان اسلام و پاکستان کو ہلا دیا۔ اسی وجہ سے مجھ پر خودکش حملہ کرایا گیا۔ جس میں میرے قریبی ساتھی شہید ہوئے ۔ دشمنوں کا نشانہ میں ہی تھا۔ انہوں نے اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب ہمارا بڑا بھائی ہے۔ حرمین شریفین کی سلامتی کو کبھی خطرہ محسو س ہوا تو اس پر کبھی آنچ نہیں آنے دینگے۔ مولانا غفور حیدری نے کہا کہ قطر سعودی تنازع حل کرانے کیلئے پاکستان کو ثالثی کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ ٹیم کی فتح کی طرح انشاءاللہ جلد ہی کشمیر کی آزادی پر بھی خوشیاں منائیں گے۔حافظ ذاکر جذبی نے کہا کہ علمائے کرام انبیا ءکے وارث ہیں۔ مخلص علماءکی خاطر ہم جیسے لاکھوں لوگوں کی جانیں قربان ہوسکتی ہیں۔مولانا نے سعودی عرب اور پاکستان کی سلامتی کیلئے دعا کی۔ تقریب میں مکہ مکرمہ سے شیخ نور محمد مینگل،سندھ کے مولانا علی شیر بروہی، غلام رسول مینگل، سید محمود شاہ، مولانا حیدری کے صاحبزادے مولانامحمد طیب حیدری، مولانا محمد احمد خان، مولانا محمد زبیر، مولانا بدر ذیشان، مقصود سعد ذاکر، انجینیئر عبدالباسط اور کثیر تعداد میں کمیونٹی کے افراد شریک تھے۔