راہل گاندھی کے مرمت کیے جوتوں کے لیے 10 لاکھ کی آفر، بیچوں گا نہیں: رام چیت
راہل گاندھی کے مرمت کیے جوتوں کے لیے 10 لاکھ کی آفر، بیچوں گا نہیں: رام چیت
جمعرات 1 اگست 2024 17:00
ایک عام سا موچی اس لیے مشہور ہوا کیونکہ رہنما راہل گاندھی نے اُس کی دُکان کا دورہ کیا تھا (فوٹو: سوشل میڈیا)
انڈیا کی ریاست اترپردیش میں رام چیت اب پھٹی سینڈل کی سلائی کرنے اور چمڑے کے جوتوں کو پالش کرنے والے کوئی معمولی سے موچی نہیں رہے بلکہ اب لوگ ان کے ساتھ سیلفیاں بنوانے آ رہے ہیں۔
یہی نہیں بلکہ اُن کی خیریت بھی دریافت کر رہے ہیں اور سڑک سے گزرنے والے کچھ راہگیر تو اپنی گاڑیاں روک کر اُن سے مل رہے ہیں۔
ایک عام سا شخص راتوں رات مشہور اس وجہ سے ہوا کہ کانگریس رہنما راہل گاندھی نے اُس کی دُکان کا دورہ کیا تھا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ہتک عزت کے ایک مقدمے میں عدالت میں پیشی کے موقعے پر سلطان پور کے علاقے میں راہل گاندھی رام چیت کی دکان کے پاس رُکے تھے۔
اس مختصر وقفے کے دوران انہوں نے موچی سے اس کی آمدن کے بارے میں پوچھا اور جوتوں کی مرمت میں بھی خود کو آزمایا۔
سوشل میڈیا پر کچھ ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہیں جن میں راہل گاندھی کو جوتے کی مرمت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ایک دن بعد رام چیت کو کانگریس لیڈر سے سلائی مشین تحفے میں ملی جو جوتوں کی سلائی کے کام کو آسان بناتی ہے۔
موچی رام چیت کا کہنا ہے کہ کانگریس لیڈر کے دورے کے بعد ان کی زندگی بدل گئی ہے۔ ’لوگ اپنی موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں روک کر مجھ سے مل رہے ہیں۔‘
دلچسپ بات یہ کہ انہیں اُس جوتے کی بہت سی پُرکشش پیشکش ہو رہی ہیں جسے راہل گاندھی نے سینے کی کوشش کی تھی۔
رام چیت نے کہا کہ وہ یہ جوتے اُس شخص کو بھی واپس نہیں کریں گے جس کے یہ ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
ایک شخص نے تو رابطہ کر کے 10 لاکھ روپے کی بھی آفر کی لیکن رام چیت کا کہنا ہے کہ وہ اسے فروخت نہیں کریں گے۔
’آفرز بڑھتی جا رہی ہیں، 5 لاکھ سے پیشکش شروع ہوئی تھی اور اب 10 لاکھ تک کی آفر کی جا رہی ہے۔ ایک شخص نے مجھے پیسوں سے بھرے بیگ کی پیشکش کی لیکن میں نے انکار کر دیا، میں انہیں نہیں بیچوں گا۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ یہ جوتے اُس شخص کو بھی واپس نہیں کریں گے جس کے یہ ہیں۔ ’میں اسے جوتوں کی رقم ادا کروں گا۔‘
کانگریس لیڈر کے ساتھ اپنی بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے رام چیت نے کہا کہ راہل گاندھی نے ان سے ان کے کام کے بارے میں پوچھا۔ ’انہوں نے مجھ سے پوچھا کہ جوتوں کی مرمت کیسے کرتے ہیں، میں نے انہیں کر کے دِکھایا اور پھر انہوں نے بھی کوشش کی۔‘
رام چیت ایک عارضی جھونپڑی میں رہتے ہیں جہاں بجلی دستیاب نہیں ہے۔
راہل گاندھی کے ساتھ ان کی تصویر سوشل میڈیا پر گردش کرنے کے بعد سے متعدد عہدیدار ان کی جھونپڑی کا دورہ کر چکے ہیں۔
’انتظامیہ کے لوگ اب آ کر مجھ سے میرے مسائل پوچھ رہے ہیں۔ وہ پہلے کبھی نہیں آئے۔‘
ؤرام چیت کے بیٹے رگھورام نے اے این آئی کو بتایا کہ وہ کانگریس لیڈر سے مل کر بہت خوش ہیں۔ ’وہ ہمارے ساتھ عزت اور احترام کے ساتھ پیش آئے۔‘