بحریہ ٹاؤن کے برساتی نالے میں سکوٹی پر دفتر جاتے ہوئے لڑکی ڈوب کر ہلاک
ریسکیو 1122 کے مطابق ہلاک ہونے والی لڑکی حمیرا کی عمر 20 برس تھی (فائل فوٹو: روئٹرز)
راولپنڈی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی بحریہ ٹاؤن میں دفتر جاتے ہوئے لڑکی برساتی نالے میں ڈوب کر ہلاک ہو گئی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق بحریہ ٹاؤن کے فیز 6 میں 20 برس کی لڑکی حمیرا برساتی نالے میں ڈوب کر ہلاک ہو گئی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ سکوٹی پر اپنے دفتر جا رہی تھیں۔
غوری ٹاؤن اسلام آباد کی رہائشی حمیرا پانی کی تیز لہر میں پھنس گئیں جس کے باعث ان کی سکوٹی بے قابو ہو گئی اور پانی اسے بہا کر برساتی نالے میں لے گیا۔
ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ ان کی کوششوں کے باعث لڑکی کی نعش مل گئی جسے لواحقین کے سپرد کر دیا گیا۔
راولپنڈی پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ لواحقین کی جانب سے واقعے سے متعلق کوئی رپورٹ نہیں کروائی گئی۔