ترکیہ میں سعودی خاتون شوہر کے سامنے ڈوب کر ہلاک
شوہر نے اہلیہ کو بچانے کی کوشش کی مگر وہ کامیاب نہیں ہوسکا (فائل فوٹو)
گرمیوں کی چھٹیاں ترکیہ گزارنے کے لیے جانے والی سعودی خاتون سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہوگئی۔ شوہر نے اہلیہ کو بچانے کی کوشش کی مگر وہ کامیاب نہیں ہوسکا۔
العربیہ نیوز کے مطابق مملکت کے شمالی علاقے عرعر میں مقیم 30 سالہ سعودی شہری عیضہ الصیعری اپنی 25 سالہ اہلیہ رشا الصیعری کے ہمراہ ترکیہ کے شہر گریسون کے ساحل پر تفریح کےلیے گئے جہاں وہ بحیرہ اسود کے ساحل پر پیراکی کے لیے اترے مگر تیز و تند لہروں کا مقابلہ نہ کرسکے۔
واقعے کی اطلاع ریسکیو ٹیموں دی گئی مگر اس وقت تک خاتون ہلاک ہو چکی تھی جبکہ شوہر کو نیم بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال لایا گیا۔
العربیہ نیوز سے بات کرتے ہوئے سعودی خاتون کے والد نے بتایا’بیٹی کی ہلاکت پر دل بہت اداس ہے۔ وہ سب سے بڑی بیٹی تھی ۔ شادی کو 5 برس ہو چکے تھے مگر ان کے یہاں اولاد نہیں تھی‘۔