ابوظہبی میں امریکی بینڈ ’بیک سٹریٹ بوائز‘ پرفارم کرے گا
ابوظہبی میں امریکی بینڈ ’بیک سٹریٹ بوائز‘ پرفارم کرے گا
جمعرات 8 اگست 2024 16:10
امریکی گروپ’بیک سٹریٹ بوائز‘ جنوری میں ریاض میں پرفارم کر چکا ہے۔ فائل فوٹو گیٹی امیجز
ابوظہبی کا اتحاد ایرینا 23 اکتوبر کو امریکی گروپ ’بیک سٹریٹ بوائز‘ کا خیرمقدم کرے گا، گزشتہ سال مئی میں بھی اس بینڈ نے یہاں پرفارم کیا تھا۔
عرب نیوز کے مطابق امریکی گروپ کا 2023 کا کنسرٹ ان کے ڈی این اے ورلڈ ٹور کا حصہ تھا، ورلڈ پاپ شو کے ٹکٹ امارات میں ریکارڈ تیزی سے چھ گھنٹے کے وقت میں فروخت ہوئے تھے۔
امارات کے اخبار دی نیشنل نے گذشتہ روز بدھ کو اطلاع دی ہے کہ میوزک شو میں نک کارٹر، ہووی ڈورو، اے جے میک لین اور برائن لیٹریل پرفارم کریں گے تاہم ان کے ساتھی کیون رچرڈسن ذاتی وجوہ کے باعث شرکت نہیں کریں گے۔
اتحاد ایرینا میں 23 اکتوبر کے شو کے ٹکٹ کی عام فروخت جمعے کی دوپہر سے شروع ہو گی جب کہ پری سیل ٹکٹ جمعرات کو livenation.me ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گے۔
شو کے ٹکٹ کی ابتدائی قیمت 295 درہم ہے۔
عرب نیوز کے جائزے کے مطابق گزشتہ سال کے ڈی این اے ورلڈ ٹور کنسرٹ کو ایک شاندار پاپ میوزک شو کے طور پر یاد کیا گیا تھا۔
اس شو کے شرکاء نے ہم آہنگی اور خوبصورت آواز کے ساتھ بہترین پرفارم کیا تھا۔
بینڈ گروپ کے ممبرز نے پرفارمنس کے درمیان حاضرین سے بات چیت کرتے ہوئے ان کی بھرپور توجہ حاصل کی۔
ایک موقع پر امریکی میوزک بیند کے اہم رکن نک کارٹر نے اپنی بہترین پرفارمنس ’شیپ آف مائی ہارٹ‘ گاتے ہوئے رک کر حاضرین سے بات کی۔
نک کارٹر نے کہا ’ابوظہبی شاید پوری دنیا میں سب سےخوبصورت جگہ ہے، میں اسے پسند کرتا ہوں اور لگتا ہے کہ میں یہاں رہنے کے لیے ایک گھر خریدوں گا۔‘
امریکی میوزک گروپ نے اورلانڈو فلوریڈر میں 1993 سے اپنی پرفارمنس کا آغاز کیا۔ 1996 میں اپنی پہلی البم ’بیک سٹریٹ بوائز‘ سے شہرت حاصل کی۔
امریکی گروپ جنوری 2024 میں ریاض کے علاقے درعیہ میں ہونے والی ای پریکس کار ریس کے موقع پر بھی پرفارم کر چکا ہے۔
اس گروپ نے ریاض میں اپنی پرفارمنس سے حاضرین کی بڑی تعداد کو مسحور کرتے ہوئے ان کے دل جیت لئے تھے۔