Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معروف سنگر زین ملک کا پاکستانی میوزک بینڈ ’اور‘ کے ساتھ گانا ریلیز

اور بینڈ نے تو ہے کہاں گانا گزشتہ برس یوٹیوب پر ریلیز کیا تھا جسے اب تک 9 کروڑ 34 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے (فوٹو: اور بینڈ انسٹاگرام)
مشہور برطانوی سنگر زین ملک کا پاکستانی میوزک بینڈ ’اور‘ کے ساتھ نیا گانا ’تو ہے کہاں‘ ریلیز ہوگیا ہے۔
پاکستانی سنگرز رافع، اسامہ اور احد پر مبنی اس تین رکنی بینڈ ’اور‘ نے آفیشل طور پر ’تو ہے کہاں‘ کا نیا ورژن ریلیز کیا ہے جس میں زین ملک کو بھی گاتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زین ملک سٹوڈیو میں موجود ہیں اور گانے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
ویب سائٹ رولنگ سٹون ڈاٹ کام کے مطابق زین ملک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’جب مجھ سے اور نے رابطہ کیا اور اپنے گانے ’تو ہے کہاں‘ میں شامل ہونے کے لیے کہا تو مجھے بہت خوشی محسوس ہوئی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے یہ گانا بہت پسند ہے اور میں نے بھی اسے گایا ہے۔ مجھے امید ہے لوگوں کو ہمارا یہ گانا پسند آئے گا۔‘
عہد، اسامہ اور رافع یعنی اور بینڈ کا کہنا ہے کہ ’ہم اس مشترکہ کاوش کے لیے بہت پرجوش ہیں کیونکہ اس سے یہ پتا چلتا ہے کہ موسیقی کی کوئی حد نہیں ہوتی۔ تو ہے کہاں ہمارے لیے ایک بہت خاص گانا ہے۔‘
 
اور بینڈ نے مزید کہا کہ ’ہمارے لیے بیان کرنا بہت مشکل ہے کہ جب ہم نے زین کی آواز گانے میں سنی تو ہمیں کیسا محسوس ہوا۔ ہم پاکستانی میوزک کو عالمی سطح پر لے کر جا رہے ہیں۔‘
خیال رہے اور بینڈ نے تو ہے کہاں گانا گزشتہ  برس یوٹیوب پر ریلیز کیا تھا جسے اب تک 9 کروڑ 34 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔
یہ گانا ریلیز ہونے کے بعد پاکستان اور انڈیا میں میوزک سٹریمنگ پلیٹ فارم سپوٹیفائی پر بھی نمبر ون ٹرینڈ رہ چکا ہے۔

شیئر: