امام مسجد نبوی کی وزیراعظم سے ملاقات، ’دونوں ممالک کے تعلقات مزید بہتر ہوں گے‘
امام مسجد نبوی نے پاکستان میں پر تپاک میزبانی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ (فوٹو: سکرین گریب)
وزیراعظم شہباز شریف سے مسجد نبوی کے امام ڈاکٹر صلاح محمد البدیر نے لاہور میں ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم آفس سے اتوار کو جاری کردہ بیان کے مطابق دوران ملاقات وزیراعظم نے مسجد نبوی کے امام سے کہا کہ ’آپ کا دورہ پاکستان کے لیے باعث اعزاز ہے۔ آپ کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔‘
امام مسجد نبوی نے وزیراعظم کو خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور دیگر سعودی قیادت کی نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشریفین کی صحت اور لمبی عمر کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کے دلوں میں خادم الحرمین الشریفین اور سعودی قیادت کے لیے بے انتہا عزت و احترام ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ ’ہمارا سعودی عرب سے رشتہ دہائیوں پر محیط ہے۔ ہمارے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہیں۔‘
امام مسجد نبوی نے پاکستان میں پر تپاک میزبانی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین، علمائے کرا ، پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور دیگر سعودی حکام شامل تھے۔
ملاقات کے بعد وزیراعظم کی طرف سے امام مسجد نبوی اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔