Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، ایران نے یورپی ممالک کے ’تحمل‘ کے مطالبے کو مسترد کر دیا

ایران کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ’فرانس، جرمنی اور برطانیہ کی جانب سے اسرائیل کے حوالے سے تحمل کا مطالبہ بین الاقوامی قانون کے اصولوں سے متصادم ہے۔‘
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق تین یورپی ممالک نے پیر کو ایک بیان جاری کیا تھا جس میں ایران اور اس کے اتحادیوں سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کی ہلاکت کے بعد اسرائیل کے خلاف حملوں سے باز رہیں۔
تہران اور اس کے اتحادی حماس اور لبنانی شیعہ گروپ حزب اللہ نے اسرائیل پر قتل کا الزام عائد کیا ہے تاہم اسرائیلی حکومت نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنانی نے کہا کہ ’تین یورپی ممالک صیہونی حکومت (اسرائیل) کے جرائم پر کسی قسم کے اعتراض کے بغیر ایران سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کا جواب نہ دے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’تہران اسرائیل کو روکنے کے لیے پُرعزم ہے اور پیرس، برلن اور لندن سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ اور اسرائیل کی جنگ بندی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔‘

شیئر: