Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ملک دشمنوں کی ڈیجیٹل دہشت گردی کا سچائی سے مقابلہ کریں گے‘

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ماضی کو بھول کر مستقبل کے لیے منصوبہ بندی کرنا ہوگی، مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں میں کمی اور ملک کی معاشی ترقی کے لیے اپنا خون پسینہ بہا دوں گا، نوجوان فسادی اور انتشاری قوتوں کے آلہ کار نہ بنیں، ملک دشمنوں کی ڈیجیٹل دہشت گردی کا سچائی سے مقابلہ کریں گے۔
بدھ کو اسلام آباد میں یوم آزادی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ محمد علی جناح کی قیادت میں ہمارے اسلاف نے قربانیاں دے کر یہ ملک حاصل کیا، ان قائدین، غازیوں اور شہدا کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے وہ کام کر دکھایا جس نے نہ صرف خطے کی تاریخ بلکہ جغرافیہ بھی تبدیل کر دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملک کے بیٹوں نے قوم کو سنوارا، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، کوئی دشمن پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھ نہیں سکے گا، 77 سال سے جدوجہد کی داستان ہے، پاکستان اسی طرح قائم و دائم رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں آج فیصلہ کرنا ہوگا کہ قرضوں اور کشکول والی زندگی گزارنی ہے یا قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے فرمودات والی زندگی گزارنی ہے جس کے لیے پاکستان معرض وجود میں آیا اور جس کے لیے لاکھوں ماؤں ، بہنوں اور نوجوانوں نے اپنے خون کی قربانی دی، امیر اور غریب کا الگ الگ پاکستان نہیں ہونا چاہیے، 5 سالہ معاشی پروگرام کا جلد اعلان کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ’ہمیں اپنا محاسبہ کرنا ہوگا، صرف شعلہ بیانی نہیں عملی اقدامات سے قوموں کی تقدیر بدلتی ہے، ہمیں ماضی سے سبق حاصل کر کے منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے جوانوں اور پوری قوم نے قر بانیاں دی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں کمی کے بغیر ملک کی صنعت و زراعت اور برآمدات میں اضافہ نہیں ہو سکتا حکومت اس پر کام کر رہی ہے اور چند دنوں میں اس کے نتائج آئیں گے، بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے خوشخبری ملے گی اس کے بغیر ملکی معیشت آگے نہیں بڑھ سکتی۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان ہمارا روشن مستقبل ہیں۔ ان کی تعلیم، تربیت، ترقی و ہنرمندی کے سال ہیں، وہ اپنی تعلیم پر توجہ دیں، فسادی اور انتشاری قوتوں کے آلہ کار نہ بنیں۔ ’دشمن پاکستان کی ترقی روکنے کے لیے ہر حربہ استعمال کر رہا ہے، ہمارا دشمن ہماری جوہری طاقت اور ناقابل تسخیر دفاع سے خائف ہے اور وہ ڈیجیٹل دہشت گردی کے ہتھیار کو استعمال کر کے پاکستان کے نوجوانوں کے ذہنوں پر جھوٹ مسلط کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اس کو سچائی ناکام بنا سکتی ہے۔‘

یومِ آزادی پر پرچم کشائی کی تقریب میں اولمپیئن ارشد ندیم نے بھی شرکت کی۔ فوٹو: اے پی پی

ان کا کہنا تھا کہ شعور اور آگاہی انتشارنہیں بلکہ ترقی، خوشحالی اور امن لاتی ہے، دلوں کو جوڑتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے باعث یوم آزادی پر ہمارے دل غمگین ہیں، فلسطین میں اسرائیلی قتل عام کی مذمت کرتے ہیں، دنیا کے انصاف پسند ادارے بیدار ہوں اور فلسطین میں خون کو مزید بہنے سے روکنے اور ظالموں کو کٹہرے میں لانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں، خون کی پیاسی ریاستیں دنیا کو جہنم بنا دیں گی، ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں فلسطینیوں کو جب تک ان کے حقوق نہیں ملتے ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

شیئر: