Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئندہ 48 گھنٹوں میں شدید بارش سے اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے: این ڈی ایم اے

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو بارش اور سیلاب کی صورت میں احتیاطی تدابیر بروئے کار لانے کی تجاویز بھی دی ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے قدرتی آفات سے نمٹنے والی ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کے نتیجے میں سیلابی کیفیت پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
سنیچر کو این ڈی ایم اے نے مون سون کے ممکنہ موسمی اثرات سے متعلق بیان جاری کیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں پنجاب کے شہروں لاہور، سیالکوٹ اور ناروال میں موسلادھار بارشوں کی وجہ سے اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
دریائے چناب میں درمیانے سے اونچے درجے کا سیلابی ریلا متوقع ہے جو مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا باعث بن سکتا ہے۔
جنوبی پنجاب کے اضلاع رحیم یار خان ، بہاولپور اور ملتان میں بھی بارشوں اور اربن فلڈنگ کا امکان ہے۔ ڈی جی خان اور راجن پور میں ہل ٹورینٹ کا خطرہ ہو سکتا ہے۔
بیان کے مطابق بلوچستان کے علاقوں قلات، زیارت ، ژوب اور کوئٹہ میں موسلادھار بارشوں اور ہل ٹورینٹ کا خدشہ ہے۔
اس کے علاوہ سندھ میں نواب شاہ اور  سکھر میں چند مقامات پر اربن فلڈنگ ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے کی تجویز کردہ احتیاطی تدابیر
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو بارش اور سیلاب کی صورت میں احتیاطی تدابیر بروئے کار لانے کی تجاویز بھی دی ہیں۔

تیز بارش کے دوران شارٹ سرکٹ سے بچنے کے لیے برقی آلات کو اَن پلگ کریں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’شہری موسم کی اپ ڈیٹس اور الرٹس سے باخبر رہیں۔ مون سون الرٹس کے لیے این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹس ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔‘
’اربن فلڈنگ کے اثرات سے بچنے کے لیے نشیبی علاقوں کے رہائشی افراد اپنے گھروں کی چھتوں اور کھڑکیوں کو مناسب طریقے سے واٹر پروف بنائیں۔ برساتی پانی جمع ہونے سے روکنے کے لیے خصوصی اقدامات  کیے جائیں۔ گٹر اور نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنائیں۔‘
’کسی بھی  کمزور انفراسٹرکچر کو محفوظ بنا لیں جو تیز ہواؤں اور تیز بارش سے نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔ سیلابی پانی میں چلنے، تیرنے یا گاڑی چلانے سے گریز کریں۔‘
’کھلے مین ہولز اور رکاوٹوں سے آگاہ رہی۔ تیز بارش کے دوران شارٹ سرکٹ سے بچنے کے لیے برقی آلات کو اَن پلگ کریں۔  گیلے ہاتھوں سے برقی آلات کو مت چھوئیں۔‘
 این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں کو چوکس رہنے اور عوام کے لیے حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

شیئر: