Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کارنیش سرکٹ میں پہلا سمر سپیڈ فیسٹیول

فیسٹیول میں 500 سے زیادہ کلاسک کاریں اور بائیکس ریسنگ سرکٹ پر موجود ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
جدہ کارنیش کے علاقے  میں منفرد اور خاص قسم کی گاڑیوں کے شوقین حضرات کے لیے پہلے سمر سپیڈ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق 31 اگست تک جاری رہنے والے اس کار فیسٹیول میں اب تک مملکت بھر سے 5,000 سے زیادہ گاڑیوں کے شوقین شرکت کر چکے ہیں۔
 سمر سپیڈ فیسٹیول کے نام سے اس میلے میں شرکت کرنے والے نئی و پرانی کاروں، موٹرسائیکلوں، تبدیل شدہ گاڑیوں اور آٹو موبائل کے بارے میں جاننے اور دیگر سرگرمیوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔
فیسٹیول میں آنے والوں کے لیے 500 سے زیادہ کلاسک کاریں، تبدیل شدہ گاڑیاں اور موٹر بائیکس دنیا کے تیز ترین فارمولا ون ریسنگ سرکٹ پر موجود ہیں۔
ایک ماہ تک جاری رہنے والے فیسٹیول میں پیشہ ور ڈرائیوروں کے ساتھ تیز رفتار کار کی سواری کا لطف بھی اٹھایا جا سکتا ہے۔
تقریب میں  وائرلیس ڈرفٹ کار چیمپئن شپ کے علاوہ ریموٹ کنٹرول کار ریس ، بورڈ گیم کے مقابلے، یوگا سیشن، سائیکلنگ ، میوزیکل شوز اور کھانے  کے  سٹال بھی موجود ہیں۔

پیشہ ور ڈرائیوروں کے ساتھ تیزرفتار سواری کا لطف اٹھایا جا سکتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

قدیم کاریں رکھنے والے حمدان الصحفی اپنی کچھ نادر گاڑیوں کے ساتھ اس تقریب میں شرکت کے لیے طائف سے  آئے ہیں۔
حمدان الصحفی  نے بتایا ’ہمیس اندازہ ہے ایسی نمائش میں  آنے والے کاروں کے شوقین حضرات ہمیشہ کلاسک کاریں دیکھنا پسند کرتے ہیں، یہ  بہت اچھا تجربہ ہے جس سے ہم نے بھرپور لطف اٹھایا ہے۔‘

مملکت بھر سے کاروں کے شوقین حضرات فیسٹیول میں آ رہے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

قدیم کاریں جمع کرنے کے اپنے خاص تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے حمدان نے بتایا کہ اس میں سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ گاڑی کو دوبارہ بنانے میں بہت زیادہ وقت اور پیسہ خرچ کرنا پڑتا ہے۔
تقریب میں شریک ریاض سے آنے والے سعد الحسن نے بتایا ہے’ مجھے یہاں آ کر بہت خوشی ہوئی ہے میں اپنی 1927 ماڈل کی ’بوگاٹی‘ کار کے ساتھ فیسٹیول میں شریک ہوں۔
انہوں نے اس بے مثال تقریب کو ’ تفریح ​​کی منزل‘ کا عنوان دیتے ہوئے کہا اس کا خاص مقصد مملکت بھر سے کاروں کے شوقین حضرات کو ایک جگہ اکٹھا کرنا ہے۔

سمر سپیڈ فیسٹیول میں بہت سے بائیکرزبھی پہنچے ہوئے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

سمر سپیڈ فیسٹیول میں بہت سے بائیکرز انفرادی طور پر یا کسی بائیکنگ کلب کے ساتھ ایک دن کی چھٹی سے لطف اندوز ہونے کے لیے یہاں پہنچے ہوئے ہیں۔
یہاں موجود اپنی ذاتی سپیڈ بائیک پر رائیڈ کر کے آنے والے جدہ کے رہائشی عبدالحمید نے بتایا ’ہمیں یہاں آ کر خوشی ہوتی ہے کہ منفرد قسم کی بائیکس دیکھنے والوں کے ساتھ وقت گزاریں اور لطف اندوز ہوں۔
ہنر مند انسٹرکٹر کے ساتھ ٹریک پر تیز رفتار سواری سے لطف اندوز ہونے کے بعد جدہ سے کے 21 سالہ وزیٹر عبدالمحسن الخطیب نے بتایا ’جب میں مسافر سیٹ پر بیٹھا تو واقعی خوفزدہ تھا لیکن ایک تجربہ کار ڈرائیور نے یہ سواری میرے لئے آسان بنا دی، یہ اچھا تجربہ تھا جس سے میں نے واقعی  لطف اٹھایا۔
 

شیئر: