Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فارمولا ون ریس کی جدہ واپسی، کیلنڈر جاری کر دیا گیا

جدہ میں اس سے قبل موٹر سپورٹ ایونٹس کا انعقاد ہو چکا ہے (فوٹو: عرب نیوز)
جدہ کے کورنیش پر ایک بار پھر فارمولا ون ورلڈ چیمپیئن شپ منعقد ہونے جا رہی ہے اور اس کا کیلنڈر جاری کر دیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ایف آئی اے فارمولا ون ورلڈ چیمپیئن شپ اگلے سال 2024 میں سات سے نو مارچ تک ہو گی۔
موٹر سپورٹ کا یہ اعلٰی سطحی مقابلہ چوتھی بار مملکت میں ہو گا جس کا شیڈول پچھلے تین برس کے مقابلے میں قدرے تبدیل کیا گیا جس میں مرکزی مقابلہ اتوار کو ہوا کرتا تھا۔
تاہم اس بار ریس اتوار کے بجائے سنیچر کی رات کو ہو گی اور اس کی وجہ یہ ہے کہ چونکہ اگلے ہفتے میں ماہ رمضان شروع ہو گا اس لیے اس سے قبل مقابلے منعقد ہو جائیں۔
سعودی موٹر سپورٹ کمپنی اور آٹو موبائل اینڈ موٹر سائیکل فیڈریشن کے چیئرمین پرنس خالد بن سلطان الفیصل کا کہنا ہے کہ ’ہر کوئی ایف ون کی جدہ واپسی پر پُرجوش ہے جس کا سلسلہ اگلے برس سات سے نو مارچ تک جاری رہے گا۔‘
ان کے مطابق ’جدہ کے ٹریک نے خود کو دلچسپ اور چیلنجنگ ثابت کیا ہے جس کا ثبوت مسلسل پچھلی تین ریسز کا کامیاب انعقاد ہے۔‘
ایف ون 2024 کے کیلینڈر کے مطابق جدہ ریس سیزن کی دوسری ریس ہو گی جس کا مطلب یہ ہے کہ بحیرہ احمر کے ساحلوں پر گاڑیاں دوڑاتے ڈرائیوروں کے پاس اس بار بھی سب کچھ ہو گا۔

جدہ کورنیش دنیا کا سب سے لمبا اور تیز ترین ٹریک ہے (فوٹو: عرب نیوز)

جدہ کا ریسنگ ٹریک دنیا کا لمبا اور تیز ترین ٹریک ہے جو بہت تیزی کے ساتھ ایف ون مقابلوں کے لیے اہم مقام کے طور پر سامنے آیا ہے اور شائقین اس پر ڈرائیور کو اوسط سے 252 کلومیٹر تک کی رفتار سے گاڑیاں دوڑاتے دیکھنے کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔
پچھلے برس جدہ گرینڈ پریکس نے اس وقت خود کو ایک اور ایونٹ کے لیے اہم ثابت کیا تھا جب ریڈ بُل ریسنگز کے فرجیو پیریز نے ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد تماشائیوں کے سامنے فنش لائن کو عبور کیا تھا۔
جدہ میں ہونے والے پچھلے تین مقابلون میں تین مختلف فاتحین سامنے آئے جن میں 2021 کی افتتاحی ریس لیویس ہیملٹن نے جیتی تھی جبکہ 2022 میں میکس ورسٹاپن نے کامیابی حاصل کی تھی۔ یہ تو اب وقت ہی بتائے کہ ان میں سے کوئی دوسری بار مملکت کے اندر جیت سکتا ہے یا پھر کوئی اور پہلی بار اپنا یہ اعزاز اپنے نام کرے گا۔

2021 میں جدہ میں ہونے والی پہلی ریس لیویس ہیملٹن نے جیتی تھی (فوٹو: عرب نیوز)

ایف ون کا یہ ویک اینڈ فن صرف ریس تک محدود نہیں ہو گا بلکہ انتظامیہ کی جانب سے اس بار بھی اس میں مزید کئی قسم کی تفریحی سرگرمیاں رکھی گئی ہیں جن میں موسیقی کے پروگرام بھی شامل ہیں جن میں بین الاقوامی فنکار شرکت کریں گے۔
پرنس خالد کا کہنا ہے کہ ’ٹریک نظر آنے والے مناظر کے علاوہ بھی ایسی منصوبہ بندی پر کام کر رہے ہیں کہ تین روز تک فیملیز کے لیے نان سٹاپ تفریح کا اہتمام کیا جائے اور اس کے لیے موسیقی کی دنیا کے بڑے ناموں کی آمد متوقع ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’فارمولا ون پریکس ایک ایسا موقع ہے جسے سب پسند کرتے ہیں اور ہم اس کے ایک بار پھر جدہ میں آنے پر ایف ون ٹیم، ڈرائیورز اور شائقین کو خوش آمدید کہنے کے لیے بے چین ہیں۔‘

شیئر: