Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راولپنڈی ٹیسٹ کا دوسرا دن: پہلی اننگز میں بنگلہ دیش کے بغیر کسی نقصان کے 27 رنز

سعود شکیل نے راولپنڈی ٹیسٹ میں اپنے کیریئر کی تیسری سینچری سکور کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کی پاکستان کے خلاف پہلی اننگز جاری ہے۔
دوسرے دن کھیل کے اختتام پر بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 27 رنز بنا لیے تھے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے شادمان اسلام 12 اور ذاکر حسین 11 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔
بنگلہ دیش کو پہلی اننگز میں پاکستان کا خسارہ ختم کرنے کے لیے  مزید 421 رنز درکار ہیں۔
اس سے قبل پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلی اننگز 448 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی۔
پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 113 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 448 بنائے۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 171 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ سعود شکیل نے 141 اور صائم ایوب نے 56 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کی طرف سے شوریفُل اسلام اور حسن محمود نے دو دو جبکہ شکیب الحسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسرے دن کا کھیل
جمعرات کو میچ کے دوسرے دن پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز چار وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز سے کیا۔
دوسرے دن کا آغاز سعود شکیل اور محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ سے کیا اور دونوں بیٹرز دن کے پہلے اوور سے ہی مضبوط دکھائی دیے۔
محمد رضوان اور سعود شکیل نے لمبی اور مضبوط پارٹنرشپ قائم کی جس کے دوران بنگلہ دیشی بولرز بے بسی کی علامت بنے رہے۔
240 رنز کی اس شاندار شراکت کے دوران محمد رضوان اور سعود شکیل نے اپنی اپنی سینچریاں بھی مکمل کیں۔
سعود شکیل نے 261 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 141 رنز کی اننگز کھیلی۔
بنگلہ دیش کو پانچویں وکٹ 354 کے ٹیم سکور پر ملی جب سعود شکیل مہدی حسن میراز کی گیند کو کھیلتے ہوئے سٹمپ آؤٹ ہوگئے۔
بنگلہ دیش کو چھٹی وکٹ سلمان علی آغا کی ملی جو 19 سکور بنا کر شکیب الحسن کی گیند پر مہدی حسن میراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے۔ انہوں نے 241 گیندوں پر 3 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 171 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
 

محمد رضوان اور سعود شکیل نے لمبی اور مضبوط پارٹنرشپ قائم کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

میچ کے پہلے دن کا کھیل بارش کے باعث متاثر ہوا جس کی وجہ سے دوسرے دن کا کھیل مقررہ وقت سے 15 منٹ پہلے شروع کیا گیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں عبداللہ شفیق، صائم ایوب، شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، محمد علی اور خرم شہزاد شامل ہیں۔
بنگلہ دیش کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے بنگلہ دیش کی ٹیم میں نجم الحسین شانتو (کپتان)، شادمان اسلام، ذاکر حسن، مومن الحق، مشفیق الرحیم، شکیب الحسن، لٹن کمار داس (وکٹ کیپر)، مہدی حسن میراز، شوریفُل اسلام، حسن محمود اور ناہید رانا شامل ہیں۔

شیئر: