Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستان کے 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز

بنگلہ دیش نے پہلے روز چار پاکستانی بیٹرز کو پویلین بھیجا (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں ٹاس ہارنے کے بعد پاکستان کی بنگلہ دیش کے خلاف پہلی اننگز جاری ہے۔
پاکستان نے پہلے دن کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے ہیں جبکہ صائم ایوب اور سعود شکیل نے نصف سنچریاں سکور کی ہیں۔
پاکستان کی اننگز
پاکستانی اوپنرز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز سست روی سے کیا۔
بنگلہ دیش کو پہلی وکٹ عبداللہ شفیق کی ملی جو حسن محمود کی گیند پر ذاکر حسین کے عمدہ کیچ کی بدولت آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کو دوسرا نقصان کپتان شان مسعود کی وکٹ کی صورت میں ہوا جو 6 کے انفرادی سکور پر شوریفُل اسلام کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے لٹن کمار داس کو کیچ دے بیٹھے۔
پاکستانی ٹیم کی مشکلات میں اضافہ اس وقت ہوا جو جب سٹار بیٹر بابر اعظم صفر رن بنا کر شوریفُل اسلام کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد چوتھی وکٹ کے لیے سعود شکیل اور صائم ایوب کے درمیان ذمہ دارانہ شراکت قائم ہوئی۔
اس شراکت کے دوران صائم ایوب اور سعود شکیل نے اپنی اپنی نصف سینچریاں مکمل کی۔
صائم ایوب اور سعود شکیل کے درمیان 98 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی جس کے بعد 56 کے انفرادی سکور پر صائم ایوب حسن محمود کی وکٹ بن گئے۔

راولپنڈی میں شیڈول میچ کا پہلا دن رات بھر ہونے والی بارش سے متاثر ہوا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان میچ صبح 10 بجے شروع ہونا تھا تاہم گراؤنڈ گیلا ہونے کے باعث ٹاس سمیت پہلا سیشن بھی ممکن نہ ہو سکا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان یہ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے۔
پاکستانی ٹیم 28 سال بعد پہلی مرتبہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر بغیر کسی سپیشلسٹ سپنر کے میدان میں اتری ہے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں عبداللہ شفیق، صائم ایوب، شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، محمد علی اور خرم شہزاد شامل ہیں۔
بنگلہ دیش کی پلیئنگ الیون
دوسری جانب اس میچ کے لیے بنگلہ دیش کی ٹیم میں نجم الحسین شانتو (کپتان)، شادمان اسلام، ذاکر حسن، مومن الحق، مشفیق الرحیم، شکیب الحسن، لٹن کمار داس (وکٹ کیپر)، مہدی حسن میراز، شوریفُل اسلام، حسن محمود اور ناہید رانا شامل ہیں۔

شیئر: