فائروال اپ گریڈیشن: انٹرنیٹ کی سست رفتاری کی ایک اور وجہ کیا ہے؟
فائروال اپ گریڈیشن: انٹرنیٹ کی سست رفتاری کی ایک اور وجہ کیا ہے؟
جمعرات 22 اگست 2024 13:43
بشیر چوہدری، اردو نیوز۔ اسلام آباد
پی ٹی اے نے ٹیکنیکل ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ محدود پیمانے پر چیکنگ کے بعد ہی بڑے پیمانے پر ٹرائل کیے جائیں۔ (فوٹو: ایکس)
پاکستان میں انٹرنیٹ کے سست ہونے کی ایک اور وجہ سامنے آگئی ہے اور پی ٹی اے حکام کو فائروال کی اپ گریڈیشن کے دوران معلوم ہوا کہ ٹیلی کام کمپنیوں کے آلات یکساں نہ ہونے کی وجہ سے اپ گریڈیشن میں مشکلات کا باعث بن رہے ہیں جس کی وجہ سے انٹرنیٹ کی رفتار بھی متاثر ہو رہی ہے۔
پی ٹی اے ذرائع نے اردو نیوز کو بتایا ہے کہ پاکستان میں فائروال یعنی ویب مینجمنٹ سسٹم کی اپ گریڈیشن پر کام تیزی سے جاری ہے۔
اس اپ گریڈیشن کا مقصد ماضی قریب میں سوشل میڈیا ویب سائٹس میں آنے والی جدت اور مواد کو مانیٹر کرنا ہے تاکہ ’قومی سلامتی‘ سے متعلق مواد کو فلٹر یا مانیٹر کیا جا سکے۔
حکام نے بتایا ہے کہ یہ فائر وال صرف مقامی انٹرنیٹ ٹریفک یا مواد کو ہی مانیٹر نہیں کرے گی اس کے کچھ حصے مقامی ہیں اور کچھ انٹرنیشنل گیٹ وے پر لگیں گے تاکہ ہر طرف سے مانیٹرنگ کی جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیلی کام کمپنیوں کے ایک دوسرے سے مختلف اور پرانے آلات فائروال کی اپ گریڈیشن میں مشکلات پیدا کررہے ہیں۔
تمام ٹیلی کام آپریٹرز کے آلات ہم آہنگ نہ ہونے کی وجہ سے بھی تکنیکی مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ کسی کمپنی کے آلات سسکو کسی کے ہواوے اور کسی کے زیڈ ٹی ای کے ہیں اس لیے کنفگریشن کے مسائل ہیں۔
اسی وجہ سے انٹرنیٹ بھی سست روی کا شکار ہوا ہے۔ سست انٹرنیٹ کی شکایات کے باعث پی ٹی اے نے فائروال پر آف پیک آورز میں کام کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
پی ٹی اے نے ٹیکنیکل ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ محدود پیمانے پر چیکنگ کے بعد ہی بڑے پیمانے پر ٹرائل کیے جائیں۔
پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کی مشق کے دوران تکنیکی مسائل پیدا ہونا معمول ہے جن پر جلد ہی قابو پا لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس میں چیئرمین پی ٹی اے نے انٹرنیٹ کی سپیڈ سست ہونے کی وجہ فائبر آپٹک میں خرابی بتائی تھی۔ تاہم انھوں نے پہلی بار تسلیم کیا تھا کہ ملک میں ویب مینجمنٹ سسٹم (فائروال) کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
انھوں نے کہا تھا کہ ’پاکستان کی سب میرین کیبل میں خرابی کی وجہ سے انٹرنیٹ سروسز میں خلل آیا ہے۔ سب میرین کیبل کنسورشیم نے اطلاع دی ہے کہ ایک کیبل میں فنی خرابی کی وجہ سے پاکستان آنے والی 7 میں سے ایک فائبر آپٹک کیبل متاثر ہوئی ہے، جس کی مرمت کے لیے 27 اگست تک کا وقت درکار ہے۔‘
ارکان کی جانب سے بار بار استفسار کے بعد انھوں نے کہا کہ تھا ’حکومت کے کہنے پر فائر وال لگا رہے ہیں۔‘
اس حوالے سے بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا تھا کہ ’فائروال کوئی نئی چیز نہیں ہے بلکہ پہلے سے ملک میں موجود ہے۔ آپ اسے فائروال کہیں یا ویب مینجمنٹ سسٹم یا کچھ بھی کہہ لیں لیکن یہ موجود ہے اور اب اسے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد گرے ٹریفک کو روکنا ہے۔‘
تاہم پی ٹی اے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ’انٹرنیٹ کی سست روی کی ایک اور وجہ بھی سامنے آئی ہے کہ ٹیلی کام کمپنیوں کے آلات ایک جیسے نہ ہونے کی وجہ سے جب فائروال متحرک ہوتا ہے تو تکنیکی مسائل پیدا ہورہے ہیں جو انٹرنیٹ کی سست روی کا باعث بن رہے ہیں۔ جنھیں دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘