Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں نیا قانون محنت 180 دن بعد لاگو ہوگا

’وزارت ہیومن ریسورسز کی تجاویز پر قانون محنت میں ترامیم کی گئی ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی کابینہ کی منظوری کے بعد نیا قانون محنت سرکاری گزٹ میں شائع ہوگیا ہے جس پر 180 دن بعد عملدر آمد کیا جائے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت ہیومن ریسورسز کی تجاویز پر قانون محنت میں ترامیم کی گئی ہیں۔
ترمیم کے بعد اب کفیل اپنا کارکن کسی دوسرے اجازت یافتہ ادارے کو کام کے لیے دے سکتا ہے۔
نئے قانون میں کارکن معاہدے کی مدت کے دوران ہی کسی شرط یا وجہ کے بغیر استعفی دے سکتا ہے۔
نئی ترامیم میں قانون محنت کی شق نمبر 7 کی ترمیم کی گئی ہے جس سے سپورٹس کلب کے کھلاریوں کو استثنی دی گئی ہے۔
گھریلو کارکن، چرواہے اور مزاعین کے علاوہ وقتی طور پر بیرون ملک سے آنے والے کارکن بھی اس سے استثنی رکھتے ہیں۔
ترمیم کے مطابق ریکروٹمنٹ یونٹ کے بجائے چینل کا لفظ استعمال ہوگا۔
ترمیم کے بعد قانون محنت میں مکتب العمل کی جگہ وزارت لکھی جائے گی۔
سعودی شہریوں کی ریکروٹمنٹ کے شعبے میں صرف وہی افراد کام کرسکتے ہیں جن کے پاس یہ کام کرنے کا اجازت نامہ ہوگا۔
ترمیم کے بعد کسی بھی نجی تجارتی ادارے کا اجازت نامہ تجدید نہ کرنے کا اختیار وزارت کو حاصل ہوگا اگر وہ ادارے سعودائزیشن کے معیار پورے نہیں کرتا۔
ترمیم کے بعد اجازت نامہ معطل ہونے والے ادارے کا کارکن اپنے کفیل سے منظوری لئے بغیر کفالت تبدیل کرسکتا ہے۔
غیر ملکی کارکنوں کے ساتھ ہونے والے معاہدے میں تاریخ انتہا تحریر ہونی چاہئے۔ اگر تاریخ انتہا تحریر نہ ہو تو وہ معاہدہ ایک سال کے لیے مانا جائے گا۔اگر اس مدت کے بعد کارکن ملازمت کرتا رہا تو اسی مدت تک مزید ایک سال کے لیےتاریخ انتہا مانی جائے گی۔
مقرر کردہ ضوابط کے علاوہ اور قانون سے باہر کسی بھی کارکن کے لیے جائز نہیں کہ وہ اپنے کفیل کے علاوہ کسی دوسرے شخص کے پاس کام کرے یا اپنا ذاتی کاروبار کرے ، اسی طرح کسی بھی کفیل کے لیے جائز نہیں وہ اپنے کارکن کو کسی دوسرے ادارے میں کام کرنے کی اجازت دے یا اسے اپنا ذاتی کاروبار کرنے کی اجازت دے، ایسا کرنا موجب سزا ہوگا۔
ترمیم کے مطابق کفیل پر لازم ہے کہ بیرون ملک سے کارکن بلانے کے بعد اس کے اقامے کی فیس اور تمام سرکاری فیسیں ادا کرے، اسی طرح خروج و عودہ اور معاہدہ ختم ہونے کے بعد واپسی کی ٹکٹ کی ذمہ داری بھی کفیل کی ہے۔
 

شیئر: