سوڈان کے بحران کے متعلق مشترکہ اعلامیہ جاری
’گروپ میں سعودی عرب، امریکہ، سوئٹزرلینڈ، امارات، مصر، افریقی اتحاد اور اقوام متحدہ شامل ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
سوڈان میں قیام امن اور شہریوں کی سلامتی کے لیے بنائے جانے والے گروپ جس میں سعودی عرب، امریکہ، سوئٹزرلینڈ، امارات، مصر، افریقی اتحاد اور اقوام متحدہ شامل ہیں نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مذکورہ گروپ نے سوئٹزرلینڈ میں 10 اگست سے 10 دن تک سوڈانی بحران کے حل کے لیے غور وفکر کرکے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ’سوڈان میں گزشتہ 16 ماہ سے سوڈانی مسلح أفواج اور رپیڈ سپورٹ فورس کے درمیان جنگ جاری ہے جس کے باعث 10 ملین شہری بے گھر ہوئے جبکہ 25 ملین افراد کو خوراک کا مسئلہ ہے‘۔
’ہونے والے اجتماع میں گروپ سوڈان میں انسانی امداد کے راستے بحال کرنے اور بے گناہ شہریوں کے جان کی حفاظت کی ضمانت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے‘۔
’گروپ ممالک متحارب گروپوں کے ساتھ مذاکرات کے ذریعہ امدادی کارکنوں کو راہداری فراہم کرنے اور مستحقین تک غذائی اشیا پہنچانے پر اتفاق کرچکا ہے‘۔
’اندرون سوڈان تک امدادی سامان دو راستوں سے پہنچائی جائے گی، پہلا دار فور کراسنگ اور دوسرا الدبہ کراسنگ، ان دونوں راستوں سے امدادی سامان کے ٹرکوں کا عبور ہوگا‘۔
گروپ نے متحارب گروپوں کو عالمی انسانی قوانین کے احترام اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کے علاوہ بے گناہ شہریوں کو امن و امان فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔