وقار یونس کا بطور مشیر چیئرمین پی سی بی عہدہ ختم
وقار یونس کو گزشتہ ماہ چیئرمین پی سی بی کا مشیر مقرر کیا گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ وقار یونس کے بطور ایڈوائزر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورٹ (پی سی بی) عہدے کی میعاد ختم ہوگئی ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق چیئرمین پی سی بی کے مشیر بننے کے ایک ماہ سے بھی کم عرصہ بعد وقار یونس کا عہدہ ختم ہو گیا ہے۔
سابق فاسٹ بولر کو اب پی سی بی کی جانب سے اس سیزن میں متعارف کرائے جانے والے نئے ڈومیسٹک مقابلوں میں بطور مینٹور بھرتی کیا گیا ہے۔
وقار یونس کے ساتھ مصباح الحق، شعیب ملک، ثقلین مشتاق اور سرفراز احمد بطور مینٹور شامل ہیں، جن کی پہلی اسائنمنٹ چیمپئنز ون ڈے کپ ہو گی، جو 12 ستمبر سے فیصل آباد میں شروع ہونے والی ہے۔
کرک انفو کے مطابق ’وقار یونس کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا ’کرکٹ سپریمو، بنانے کی تیاری کی جا رہی تھی، اور یہ عہدہ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کے لیے کرکٹ کے فیصلوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے بنایا گیا تھا۔ حال میں وقار یونس قذافی سٹیڈیم میں ہونے والی پریس کانفرنس کے دوران محسن نقوی کے ہمراہ دکھائی دیے جس میں وہ اپنے اس کردار میں نظر آئے۔‘
’پی سی بی نے اس کی کوئی وجہ نہیں بتائی ہے کہ وقار یونس اس عہدے کے بجائے ایک مینٹور کیوں بنا دیے گئے ہیں، جبکہ یہ ایک شفاف بھرتی کا نتیجہ تھا۔‘
رپورٹ میں یہ تجویز بھی سامنے آئی ہے کہ کہ دونوں پارٹیوں کا خیال تھا کہ وقار یونس بطور مینٹور ٹیم بنانے کے اس کردار کے لیے بہتر ثابت ہو سکتے ہیں‘۔
واضح رہے پی سی بی میں وقار یونس کی جگہ نئے ایڈوائزر کرکٹ افیئرز کی تقرری متوقع ہے جس کی تشہیر ابھی جاری ہے۔
وقار یونس نے گزشتہ ماہ 31 جولائی کو چیئرمین پی سی بی کے مشیر برائے کرکٹ امور کی حیثیت سے ذمہ دارایاں سنبھالی تھیں۔
دوسری جانب پیر کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی پریس ریلیز میں اعلان کیا ہے کہ وقار یونس کو چیمپیئنز کپ کی پانچ ٹیموں کے مینٹورز میں شامل کیا گیا ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ ’مصباح الحق، ثقلین مشتاق، سرفراز احمد، شعیب ملک اور وقار یونس چیمپیئنز کپ کی پانچ ٹیموں کے مینٹور ہوں گے۔ یہ ایک شفاف عمل کے ذریعے تین سالہ معاہدے کے تحت کیا گیا ہے۔ اِن کی ٹیموں اور سکواڈ کے ناموں کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔‘
پی سی بی کے 2024-25 ڈومیسٹک سیزن میں اِن مینٹورز کی پہلی اسائمنٹ چیمپئنز ون ڈے کپ ہوگا، جو کے 12 سے 29 ستمبر تک فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ’میں چیمپیئنز کپ ٹیموں کے لیے ان پانچوں مینٹورز کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ یہ پانچوں افراد کرکٹ کے وسیع تجربے اور مہارت کی دولت سے مالا مال ہیں جو پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس کھیل میں ترقی میں مدد کرے گا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ قدم نہ صرف پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کے لیے مفید ہوگا بلکہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے درمیان خلیج کو پُر کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔‘