Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ میں سکول پر اسرائیل کے فضائی حملے میں 11 افراد ہلاک

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے اس نے حماس کے کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا (فوٹو: روئٹرز)
غزہ میں صحت حکام کا کہنا ہے کہ بے گھر فلسطینیوں کو پناہ دینے والے ایک سکول پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم ازکم 11 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے اس نے حماس کے کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا ہے۔
شہری دفاع کے ادارے کے ترجمان محمود باسل نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ’غزہ شہر میں بے گھر افراد کو پناہ دینے وال صفد سکول پر اسرائیلی فضائی حملے میں ایک خاتون اور بچی سمیت 11 افراد ہلاک ہوگئے‘۔
غزہ کے ایک اور صحت عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ’سکول میں حماس کی پولیس چوکی تھی‘۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ’ فضائیہ نے صفد سکول میں حماس کے کمانڈ سینٹر پر حملہ کیا ہے‘۔
فوج کے ایک بیان میں کہا گیا کہ ’فضائیہ نے مبینہ طور پر حماس کے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جو ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اندر کام کر رہے تھے جو پہلے غزہ کے صفد سکول کے طور پر کام کرتا تھا‘۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ اس وقت شروع ہوئی جب سات اکتوبر کو فلسطینی عسکریت پسندوں نے اسرائیل پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک ہزار 205 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں زیادہ تر عام شہری تھے۔
اس کے بعد سے، اسرائیلی فوج غزۃ کی پٹی پر فضائی، بحری اور زمینی  مسلسل حملے کررہی ہے جس میں  غزہ کی وزرت صحت کے مطابق اب تک کم از کم 40 ہزار 738 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق مرنے والوں میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔

شیئر: