شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو کون سے بڑے فلم ساز لانچ کرنے کو تیار
آریان خان کی ہدیات کاری میں بننے والی پہلی ویب سیریز سٹارڈم سال کے آخر میں ریلیز ہوگی۔ فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان ویسے تو بطور ڈائریکٹر اپنی پہلی فلم ریلیز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ہی فلم انڈسٹری کے بڑے ناموں نے انہیں اداکار کے طور پر لانچ کرنے کی پیشکش کی ہے۔
اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق کچھ ایسی رپورٹس موصول ہوئی ہیں کہ بالی وڈ کے نامور ڈائریکٹرز اور پروڈیوسرز نے آریان خان کو اپنی فلم میں بطور ہیرو لینے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق آریان خان سے جو بھی مل چکا ہے اسے یہی محسوس ہوا کہ وہ اپنے والد شاہ رخ خان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ’بڑی چیز‘ بن سکتے ہیں۔
شاہ رخ خان کے فلم ساز دوست ادتیہ چوپڑا، کرن جوہر اور فرح خان نے آریان خان کو اپنی فلم کے ذریعے لانچ کرنے کی پیشکش کی ہے۔
فلم ’رنگ دے بسنتی‘ کے ڈائریکٹر راکیش اوم پراکاش مہرا کے بارے میں بھی کہا جا رہا ہے کہ انہوں نے فلم کے لیے ایک بہت ہی اعلٰی موضوع کے ساتھ شاہ رخ خان اور آریان خان سے رابطہ کیا ہے۔
تاہم آریان خان تمام تر توجہ اپنی پہلی ویب سیریز ’سٹارڈم‘ پر مرکوز کیے ہوئے ہیں جو دراصل بالی وڈ اداکاروں کی زندگیوں اور مشکلات کے گرد گھومتی ہے۔
شاہ رخ خان کو ہمیشہ یہ کہتے سنا گیا ہے کہ آریان فلموں میں کام کرنے کے بجائے ہدایت کاری میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔
آریان خان کی ہدایت کاری میں بننے والی ویب سیریز کی کاسٹ میں اداکار منوج پاہوا بھی شامل ہیں۔
منوج پاہوا نے ایک حالیہ انٹرویو میں آریان خان کے متعلق کہا تھا کہ وہ اپنے والد کی طرح محنتی ہیں۔
آریان خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کے بارے میں منوج پاپوا نے کہا کہ ’آریان نوجوان اور محنتی ہیں۔ اس سیریز کی شوٹنگ کے مراحل بہت لمبے تھے لیکن اس دوران بہت مزہ آیا۔‘
انہوں نے مزید کہا ’مجھے علم ہے کہ اگر ضرورت ہو تو شاہ رخ خان ایک دن میں 18 سے 20 گھنٹے تک کام کرتے ہیں۔ وہ بہت محنتی ہیں اور میں نے یہی چیز آریان میں بھی دیکھی ہے۔‘