Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع

اس اقدام کا مقصد ایک لاکھ 20 ہزار نئی ملازمتیں پیدا کرنا ہے۔ (فوٹو سبق)
سعودی وزارت سیاحت نے کہا کہ 2023 کے دوران سعودی عرب میں داخلی اور بین الاقوامی سیاحوں کی مجموعی تعداد 109 ملین تک پہنچ گئی۔ 
سعودی وزارت سیاحت نے ہانگ کانگ میں انٹرنیشنل ہاسپٹلیٹی انویسٹمنٹ فورم (آئی ایچ آئی ایف ایشیا) میں شرکت کی۔ مملکت میں سیاحتی شعبے میں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ پیش کیا۔
 2023 کے اعدادوشمار کے حوالے سے بتایا گیا کہ گزشتہ سال 109 ملین سیاحوں کا خیرمقدم کیا گیا۔ بیرون ملک سے 27 ملین اور ایشیا سے 20.9 ملین سے زیادہ سیاح شامل ہیں جنہوں نے 96.6 ارب ریال (25.7 بلین ڈالر) خرچ کیے۔ 
سعودی وزارت سیاحت میں سرمایہ کاری اور منصوبہ بندی کے ڈائریکٹر جنرل طارق الشغرود نے ایک پینل مباحثے میں شرکت کی۔
انہوں نے وضاحت کی سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کے قابل پروگرام (ٹی آئی ای پی) امید افزا سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے متعدد مواقع فراہم کرتا ہے۔
طارق الشغرود نے کہا  اس پروگرام کے تحت آنے والے ہاسپیٹلیٹی انویسٹمنٹ اینبلرز انیشیٹو (ایچ آئی ای) اقدام میں سرمایہ کاروں کے لیے مملکت میں ہاسپٹیلٹی کی سہولتوں میں سرمایہ کاری کے متعدد مواقع شامل کیے۔ اس کا مقصد اہم سیاحتی علاقوں میں رہائش کی گنجائش میں اضافہ ، نجی سرمایہ کاری کو 42 ارب ریال (11 ارب امریکی ڈالر) تک بڑھانا اور 2030 تک سالانہ جی ڈی پی میں 16 ارب ریال (4.3 ارب امریکی ڈالر) کا اضافہ کرنا ہے۔
 سعودی عرب کے وسیع تر معاشی تنوع کے اہداف کے تحت  ایک لاکھ 20 ہزار  نئی ملازمتیں پیدا کرنا، کارپوریٹ ٹیکس میں چھوٹ، واٹ میں کمی اور سازگار شرائط پر سرکاری ملکیت والی زمین تک رسائی جیسی متعدد اہم مراعات پیش کرنا ہے۔
وزارت سیاحت نے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ مملکت کے سیاحتی اثاثوں اور امکانات کی روشنی میں مملکت میں سیاحت کے شعبے کی طرف سے دیکھی جانے والی ترقی کا حصہ بننے کے موقع سے فائدہ اٹھائیں جس میں مضبوط انفراسٹرکچر،سٹریٹجک محل وقوع اور پائیدار ترقی کے لئے غیر متزلزل عزم شامل ہیں۔
گزشتہ سال 2023 کے دوران سیاحت کے شعبے نے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اقوام متحدہ کی جانب سے مئی 2024  میں جاری کردہ سیاحتی رپورٹ کے مطابق مملکت بین الاقوامی سیاحوں کی آمد اور سیاحتی شعبے کی آمدنی کی شرح نمو کے لحاظ سے بہترین کارکردگی دکھانے والے بڑے سیاحتی مقامات میں سرفہرست ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: