Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب دنیا میں سیاحوں کی توجہ کا سب سے بڑا مرکز، سعودی عرب

مملکت نے پچھلے سال ایک کروڑ 80 لاکھ سیاحوں کا خیرمقدم کیا۔ فوٹو گیٹی امیج
ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کے مطابق سعودی عرب گذشتہ سال 2022 میں عرب دنیا میں آنے والے سیاحوں کی توجہ کا سب سے بڑا مرکز رہا۔
عرب نیوز کے مطابق مملکت نے گزشتہ برس ایک کروڑ 80 لاکھ سیاحوں کا خیرمقدم کیا جبکہ دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات میں ایک کروڑ 48 لاکھ سیاحوں نے وزٹ کیا۔
فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو فورم میں بتایا گیا ہے کہ کسی ایسے ملک کے لیے جہاں چند برس قبل سیاحت کے لیے جانا تقریباً ناممکن تھا، یہ اعداد و شمار ناقابل یقین حد تک حیران کن اور چونکا دینے والے ہیں۔
سماجی اور اقتصادی لحاظ سے تیز رفتار تبدیلیوں نے مملکت میں سیاحت کی صنعت کو فروغ دیا ہے اور اب یہ خطہ دنیا بھر میں تیزی سے انتہائی پسندیدہ منزل بن گیا ہے۔
عالمی ادارے یونیسکو کی جانب سے سعودی عرب میں چھ مقامات کو عالمی ثقافتی ورثے میں شامل کیا گیا ہے جن میں قدیم ثقافتی مقامات اور عجائب گھروں کے علاوہ مملکت کے قدرتی مناظر بھی آتے ہیں۔
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے بتایا ہے کہ 2019 میں مملکت کی مجموعی قومی پیداوار میں سیر و سیاحت کے شعبے کا حصہ 3 فیصد تھا جسے 2030 تک بڑھا کر 10 فیصد کرنے اور مقامی و بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد 10 کروڑ تک پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

سماجی اور اقتصادی لحاظ سے سیاحت کی صنعت کو فروغ ملا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

سعودی وزیر نے مزید بتایا کہ سیاحت کے شعبے میں 20-G ممالک میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والا ملک سعودی عرب رہا ہے جہاں اب سیاحوں کی تعداد تین کروڑ سے زیادہ ہو گئی ہے۔
مملکت کے لیے سیاحوں کی تعداد کے ہدف کا یہ 40 فیصد ہے اور اقتصادی ترقی میں اس شعبے کو اہم کردار ادا کرنے میں بنیادی حیثیت حاصل ہے۔
سعودی عرب نے سیاحت کی صنعت کے فروغ کے لیے مثبت پیش رفت کے طور پر رواں ماہ سے ایک عالمی سیاحتی تحقیقی مرکز کا بھی آغاز کیا ہے۔

مملکت نے 20-G ممالک میں سیاحت میں تیزی سے ترقی کی ہے۔  فوٹو گیٹی امیج

سعودی وزارت سیاحت کی زیرنگرانی مملکت کے سسٹین ایبل ٹورازم گلوبل سنٹر نے  دنیا بھر کے 100 اداروں کے ساتھ مل کر تحقیقاتی مرکز کا آغاز کیا ہے۔
مملکت میں علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر سیاحت کی اہم اور بڑھتی ہوئی اہمیت کے پیش نظر مشرق وسطیٰ میں پہلے علاقائی ہیڈکوارٹر کے طور پر 2021 میں ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کا علاقائی دفتر ریاض میں کھولا گیا۔

ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کا علاقائی دفتر ریاض میں کھولا گیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز 

وزیر سیاحت نے بتایا کہ اس سال سیر و سیاحت کے شعبے نے مملکت کی مجموعی قومی پیداوار میں 6 فیصد حصہ ڈالا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سال مملکت میں 10 کروڑ سیاحوں کی آمد کی توقع کی جا رہی ہے۔
سعودی اور بین الاقوامی سیاحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ سیاحت کے شعبے میں جدت کے ساتھ ساتھ  اپنے ورثے اور تاریخ کو محفوظ رکھتے ہوئے مملکت اپنی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
 

شیئر: