’ریاض پارکنگ پروجیکٹ‘ 60 الیکڑانک پیمنٹ مشینیں نصب
ریاض میونسپلٹی نے ریاض پارکنگ پروجیکٹ کے آزمائشی مرحلے کے بعد شمسی توانائی سے چلنے والی 60 الیکڑانک پارکنگ پیمنٹ مشینیں نصب کی ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق میونسپلٹی کا کہنا ہے پارکنگ پروجیکٹ کا آئندہ ماہ باقاعدہ آغاز کردیا جائے گا جس میں مفت اور پیڈ پارکنگ شامل ہے۔
پیڈ کار پارکنگ کے لیے مخصوص مقامات کے علاوہ رہائشی علاقوں میں 17 ہزار سے زائد مفت پارکنگ لاٹس بھی تعمیر کیے گئے ہیں تاکہ رہائشی علاقوں میں سکونت پذیر افراد کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
تجارتی علاقے کے مختلف مقامات پر 2000 کاروں کی پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ پیڈ پارکنگ استعمال کرنے والوں کو ادائیگی کےلیے ایپ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ آزمائشی مرحلے کے دوران پارکنگ مفت ہے جس کا کرایہ وصول نہیں کیا جائے گا تاہم آئندہ ماہ اکتوبر میں باقاعدہ افتتاح کے بعد ’ٹوکن ‘ کے بغیرگاڑی پارک کرنا منع ہو گا۔
ریاض کار پارکنگ پروجیکٹ میں یہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ صارف کو پارکنگ کے ابتدائی 15 منٹ مفت دیئے جائیں گے۔ اس مدت میں گاڑی نکال لینے پر کوئی کرایہ وصول نہیں کیا جائے گا۔
آزمائشی مرحلے کے دوران ’ریاض پارکنگ‘ کی ایپ کو 7 ہزار سے زائد افراد نے انسٹال کیا جبکہ ویب سائٹ وزٹ کرنے والوں کی تعداد 5 لاکھ رہی۔ ادائیگی کی ایپ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس سسٹم پرفراہم کی گئی ہے۔