جدہ کے تاریخی علاقے البلد میں پیڈ کار پارکنگ سسٹم بحال، فیس کتنی ہوگی؟
پیڈ کار پارکنگ کی فیس فی گھنٹہ 3.50 ریال مقرر کی گئی ہے (فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب میں جدہ کے تاریخی علاقے البلد میں پیڈ کار پارکنگ سسٹم تین ماہ کی بندش کے بعد بحال کردیا گیا۔
پارکنگ مقامات کی نگرانی کے لیے نئے کنٹریکٹر کی جانب سے سسٹم کو اپ ڈیڈ کرنے کے بعد پارکنگ فیس ٹوکن مشینوں کو بھی بحال کیا گیاہے۔
اخبار 24 کی رپورٹ کے مطابق تاریخی علاقے میں پیڈ کار پارکنگ کی فیس فی گھنٹہ 3.50 ریال مقرر کی گئی ہے۔
پارکنگ فیس کی ادائیگی ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے بار کوڈ سکین کرکے بھی کی جاسکتی ہے۔
نئے کنٹریکٹر کی جانب سے فیس ادا کیے بغیر کار پارک کرنے پر نیا سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت جن گاڑیوں میں ٹوکن نہیں ہو گا انہیں یارڈ میں جمع کرانے کے بجائے کار کے ٹائر کو لاک کردیا جاتا ہے جس کا چالان 135 ریال مقرر کیا گیا ہے۔
اس سے قبل بغیرٹوکن کے پارک کرنے پرگاڑی کو ’ٹو‘ کرکے مخصوص یارڈ میں جمع کردیا جاتا تھا جس کا چالان 230 ریال تھا۔
پارکنگ ٹوکن کے بغیر گاڑی پارک کرنے پر ٹائر کو لاک کرنے کے ساتھ ڈرائیور کی جانب دروازے پر انتباہی نوٹس بھی چسپاں کردیا جاتا ہے تاکہ لاک کو دیکھے بغیر گاڑی چلانے کی کوشش نہ کی جائے۔