Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین: فٹ بال میں بدعنوانی کے الزامات، 43 افراد پر تاحیات پابندی  

ورلڈ کپ ایشیائی کوالیفائنگ میں جاپان نے چین کو 0-7 سے شکست دی تھی۔ فائل فوٹو گیٹی امیجز
چین کی فٹ بال ایسوسی ایشن نے کھیل میں بدعنوانی ختم کرنے کی تازہ ترین کوشش میں میچ فکسنگ اور بدعنوانی کے الزامات پر 43 افراد پر تاحیات پابندی عائد کر دی ہے۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق چین کی سرکاری نیوز ایجنسی شن ہوا نے منگل کو اطلاع دی ہے کہ پولیس کے اعلیٰ عہدیدار ژانگ شیاؤپینگ نے دالیان میں نیوز کانفرنس میں دو سالہ تحقیقات کی تفصیلات جاری کی جائیں۔
پولیس کے اعلیٰ عہدیدار نے نیوز کانفرنس میں آن لائن جوئے، میچ فکسنگ اور رشوت ستانی کے  متعدد واقعات کا پردہ فاش کیا ہے۔
ژن ہوا کے مطابق ڈومیسٹک لیگز میں 120 میچز، 128 مجرمانہ مشتبہ افراد اور 41 کلبوں کو تحقیقات میں ملوث کیا گیا جب کہ پابندی عائد کرنے والوں میں 38 کھلاڑی اور 5 اہلکار مختلف کلبوں کے لیے کام کر رہے تھے۔
چین میں فٹبال کے کھیل  کے لیے تاحیات پابندی عائد کرنے والوں میں سابق چینی بین الاقوامی کھلاڑی جن جِنگ ڈاؤ، گوو تیانیو اور گو چاو بھی شامل تھے۔
دیگر کھلاڑیوں اور آفیشلز پر مختصر پابندیاں عائد کی گئی ہیں جن میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہیں جنہیں اعلیٰ تنخواہوں کے وعدے پر کھیلنے کا لالچ دیا گیا۔
چین کے شانڈونگ تائیشان ایف سی کے لیے کھیلنے والے جنوبی کوریا کے سون جون ہو  اور کیمرون کے ایولو ڈونووان  جو پہلے ہیلونگ جیانگ آئس سٹی کے لیے کھیلتے تھے،ان دونوں پر پانچ سال کی پابندی عائد کی گئی ہے۔

چین اس وقت فیفا کی عالمی رینکنگ میں 87 ویں نمبر پر ہے۔ فوٹو روئٹرز

فیڈریشن کے بیان کے مطابق سون جون ہو کی سرگرمیوں کے باعث قٹبال کے کھیل میں اخلاقیات اور کھیل کی مہارت میں سنگین خلاف ورزیاں ہوئی ہیں جس سے معاشرے پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔
چین کے صدر شی جن پنگ نے چین کو فٹ بال کی سپر پاور بنانے کا عہد کیا ہے لیکن مردوں کی ٹیموں کو زیادہ کامیابی نہیں ملی۔
فٹبال کے لیے نئے سٹیڈیم بنانے اور عملے کی خدمات حاصل کرنے کے وعدے پورے نہیں ہو سکےجس کی ایک بڑی وجہ عالمی وبا کورونا ہے۔

منفی سرگرمیوں سے فٹبال میں سنگین خلاف ورزیاں ہوئی ہیں۔ فائل فوٹو گیٹی امیجز

ورلڈ کپ2026  کے لیے ایشیائی کوالیفائنگ کے تیسرے راؤنڈ کے آغاز میں گذشتہ ہفتے جاپان کے ٹیم نے چین کو 0-7 سے شکست دی تھی۔
چین کے خلاف جاپان کی سب سے بڑی یکطرفہ جیت ہے اور چین اب تک صرف ایک بار ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر سکا ہے۔ چین اس وقت فیفا کی عالمی رینکنگ میں 87 ویں نمبر پر ہے۔

شیئر: