Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تاریخ کا مختصر ترین ٹیسٹ میچ، انڈیا کی جنوبی افریقہ کے خلاف 7 وکٹوں سے کامیابی

یہ میچ جنوبی افریقی بیٹر ڈین ایلگر کے کیریئر کا آخری میچ تھا (فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی افریقہ اور انڈیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں انڈیا نے جنوبی افریقہ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
کیپ ٹاؤن میں بدھ سے شروع ہونے والا ٹیسٹ میچ دوسرے دن ہی ختم ہوگیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ہے۔
ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن جنوبی افریقہ کی جانب سے دیے گئے 79 رنز کے ہدف کو انڈیا نے تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
دوسری اننگز میں انڈیا کی جانب سے یاشسوری جیسوال نے 28، کپتان روہت شرما نے 16 اور وراٹ کوہلی نے 12 رنز بنائے۔
دوسری اننگز میں بولنگ کرتے ہوئے کاگیسو رباڈا، ناندرے برگر اور مارکو یانیسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 176 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے دوسری اننگز میں ایڈن مارکرم 106 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کپتان ڈین ایلگر نے 12 اور ڈیوڈ بیڈنگھم نے 11 رنز بنائے۔
انڈیا کی طرف سے دوسری اننگز میں جسپریت بمراہ نے 6، مکیش کمار نے 2 جبکہ محمد سراج نے ایک وکٹ حاصل کی۔
 
خیال رہے کہ اس میچ میں ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد محمد سراج کی تباہ کن بولنگ کے باعث پوری میزبان ٹیم پہلے دن کھانے کے وقفے تک صرف 55 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی تھی۔
محمد سراج نے پہلی اننگز میں کیریئر کی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 9 اوورز میں 15 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔
پہلی اننگز کے جواب میں انڈیا کی پوری ٹیم 153 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، تاہم مہمان ٹیم کو پروٹیز پر 98 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔
 

انڈیا کی طرف سے دوسری اننگز میں جسپریت بمراہ نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا (فوٹو: اے ایف پی)

میچ میں عمدہ بولنگ کرنے پر محمد سراج کو پلیئر آف دی میچ سے نوازا گیا ہے جبکہ جسپریت بمراہ سیریز میں 12 وکٹیں حاصل کرنے اور ڈین ایلگر سیریز میں 201 رنز بنانے پر مشترکہ طور پر پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔
دوسری جانب یہ میچ جنوبی افریقی بیٹر ڈین ایلگر کے کیریئر کا بھی آخری میچ تھا جس میں وہ بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے، تاہم سیریز کے پہلے میچ میں انہوں نے 185 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی تھی۔
یہ کرکٹ کی تاریخ کا سب سے کم دورانیے کا ٹیسٹ میچ ثابت ہوا جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان 107 اوورز یعنی 642 گیندوں کا ہی کھیل ممکن ہو سکا۔
یاد رہے کہ سینچورین میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے انڈیا کو ایک اننگز اور 32 رنز سے ہرا دیا تھا۔

شیئر: