Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان آرمی خیبر پختونخوا پولیس کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی: آرمی چیف

آرمی چیف کو انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی (فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے اورکزئی قبائلی ضلع کے دورے کے دوران خیبر پختونخوا میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعریف کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ فرائض کی انجام دہی میں ان کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔
آرمی چیف کا دورہ ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب علاقے میں سرگرم عسکریت پسند دھڑوں نے پولیس کو مسلسل نشانہ بنایا ہے، جن میں سال کے آغاز سے اب تک 75 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ان ہلاکتوں کے خلاف صوبے کے مختلف حصوں میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جمعے کو جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف کو علاقے میں سکیورٹی کی صورتحال کے ساتھ ساتھ جاری انٹیلی جنس کی بنیاد پر انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے افغانستان کی سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان آرمی خیبر پختونخوا پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نئے ضم شدہ اضلاع میں اپنے فرائض سرانجام دینے کے قابل بنانے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔‘
انہوں نے پولیس اور سکیورٹی فورسز کے تمام اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانیوں سے حاصل ہونے والے امن کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔
آرمی چیف نے سکیورٹی فورسز کی کوششوں میں مدد کرنے میں مقامی آبادی کی حمایت کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ خطے میں قیام امن کے لیے ان کا مثبت کردار ضروری ہے۔
قبل ازیں جنرل عاصم منیر نے ’یادگار شہدا‘ پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور اورکزئی میں ان فوجیوں سے بات چیت کی جنہوں نے علاقے میں حالیہ انسداد دہشت گردی آپریشنز میں حصہ لیا تھا۔

شیئر: