Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جموں و کشمیر میں عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں دو انڈین فوجی ہلاک

کشتواڑ میں جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب سکیورٹی فورسز نے علاقے میں آپریشن شروع کیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے زیرانتظام جموں و کشمیر کے علاقے کشتواڑ میں عسکریت پسندوں کے ساتھ شدید لڑائی کے دوران دو انڈین فوجی ہلاک ہو گئے۔
این ڈی ٹی وی نے انڈین فوج کے ایک سینیئر افسر کے حوالے سے بتایا کہ کٹھوعہ شہر میں ایک اور مقابلے میں رائزنگ سٹار کور کے دستوں نے دو عسکریت پسندوں کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔
انڈین فوج نے ایک بیان میں بتایا کہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ ایک مشترکہ آپریشن کشتواڑ کے علاقے میں شروع کیا گیا تھا۔ 
’اس دوران عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ ہوئی جس میں فائرنگ کے تبادلے کے میں دو انڈین فوجی ہلاک ہوگئے۔‘
کشتواڑ میں عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب سکیورٹی فورسز نے علاقے میں آپریشن شروع کیا۔
علاقے میں عسکریت پسندوں کے حملوں میں اضافے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر مشترکہ سرچ آپریشن کا بھی آغاز کردیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کشتواڑ میں ہونے والے مقابلے میں وہی عسکریت پسند ملوث ہیں جنہوں نے جولائی میں ڈوڈا میں ہونے والی ایک جھڑپ میں حصہ لیا تھا، جس میں ایک افسر سمیت چار فوجی مارے گئے تھے۔
اس سے قبل جولائی میں انڈیا کے زیرِانتظام جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپوں میں میجر سمیت انڈین فوج کے چار اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔

شیئر: