سلیمہ امتیاز انٹرنیشنل کرکٹ امپائر نامزد ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون امپائر
اتوار 15 ستمبر 2024 12:52
سلیمہ امتیاز پاکستانی ویمن کرکٹر کائنات امتیاز کی والدہ ہیں۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)
سلیمہ امتیاز پاکستان کی جانب سے آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف ڈیولپمنٹ امپائرز میں نامزد ہونے والی پہلی خاتون کرکٹ امپائر بن گئی ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اتوار کو اپنے بیان میں سلیمہ امتیاز کی آئی سی سی انٹرنیشنل پینل میں نامزدگی کی تصدیق کی۔
پینل میں نامزدگی کے بعد سلیمہ امتیاز اب آفیشل طور پر خواتین کے باہمی مقابلوں اور آئی سی سی ویمنز ٹورنامنٹ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے سکیں گے۔
اس بارے میں بات کرتے ہوئے سلیمہ امتیاز نے اپنے بیان میں کہا کہ ’یہ صرف میری ہی کامیابی نہیں ہے بلکہ یہ پاکستان کی ہر خاتون کرکٹر اور امپائر بننے والی خواتین کی کامیابی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’امید ہے کہ میری کامیابی ان لاتعداد خواتین کے لیے مشعل راہ ہوگی جو اس کھیل میں اپنے نام بنانا چاہتی ہیں۔‘
خیال رہے کہ سلیمہ امتیاز پاکستانی ویمن کرکٹر کائنات امتیاز کی والدہ ہیں۔
کائنات امتیاز پاکستان ویمنز ٹیم کی جانب سے 19 ون ڈے اور 21 ٹی20 میچز کھیل چکی ہیں۔
سلیمہ امتیاز نے مزید کہا کہ ’میرا خواب میرے ملک کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کرنا تھا۔ مجھے ایشین کرکٹ کونسل کے ساتھ کام کرنے کے مواقعے ملے لیکن سب سے اوپر کے لیول پر امپائرنگ کرنا ہی اصلی خواب تھا۔‘
واضح رہے کہ سلیمہ امتیاز نے 2008 میں پی سی بی ویمنز امپائر پینل میں شمولیت اختیار کی جس کے بعد وہ گزشتہ تین برسوں میں ایشین کرکٹ کونسل کے ٹورنامنٹس کے کئی میچوں میں امپائرنگ کر چکی ہیں۔
سلیمہ امتیاز پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیموں کے درمیان پیر سے ملتان میں کھیلی جانے والی تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں آن فیلڈ امپائرنگ کریں گی۔