Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ثقافتی نظریات کے مقابلوں کے لئے رجسٹریشن کا آغاز

جیتنے والوں کو 3 لاکھ  ریال تک کے انعامات بھی  دیئے جائیں گے۔(فوٹو گیٹی امیج)
سعودی وزارت ثقافت نے ثقافتی نظریات مسابقے کے لئے الیکٹرانک رجسٹریشن کے افتتاح کا اعلان کر دیا۔ اس کے لئے 3 لاکھ  ریال تک کے انعامات بھی دیئے جائیں گے۔
عرب نیوز کے مطابق اس مسابقے کے شرکا سے کہا گیا ہے کہ وہ مملکت میں ہونے والے جشن اور دیگر پروگراموں میں اسٹیج پر پیش کی جانے والی خالص نئی اور تخلیقی سرگرمیوں کے لئے تجاویز ارسال کریں۔

مسابقے کو ورثے، ڈیزائن، تھیٹر اور پرفارمنگ آرٹس سمیت 11 ثقافتی کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔(فوٹو عرب نیوز)

بہترین نظریات پیش کرنے والے 3شرکا کو نقد انعام دیئے جائیں گے۔ اس کا فیصلہ ججز کریں گے۔ اس مقابلے کے لئے ’’ای رجسٹریشن‘‘ ویب سائٹ پر جاری کی گئی ہے۔  https://engage.moc.gov.sa/ideathon
ثقافتی نظریات سےمتعلق ملک کی یہ پہلی میرا تھن ’’معیارِ زندگی‘‘پروگرام کا حصہ ہے جو وژن2030کے اصلاحاتی منصوبے کے اہداف حاصل کرنے کی کوشش پر مبنی ہے۔
این سی بی کی مالیاتی شراکت سے منعقد ہونے والی میرا تھن کا مقصد جدید نظریات کی ترقی اور انہیں واضح ثقافتی پروگراموں اور تہواروں میں تبدیل کرناہے۔

 اسٹیج پر پیش کی جانے والی نئی اور تخلیقی سرگرمیوں کی تجاویز ارسال کریں۔(فوٹو عرب نیوز)

اس کے ساتھ ہی شرکا کو ڈیزائن سوچنے کے طریقے کیلئے تربیت و تعاون فراہم کرنا ہے تاکہ وہ خوبصورت تخلیقی نظریات کے ساتھ آگے آ سکیں۔
سکریننگ کا 5روزہ سلسلہ 11جنوری سے شروع ہو گا۔ شرکت کرنے والی ٹیموں کے نتائج کا اعلان 16جنوری کو کیا جائے گا۔
اس سے اگلے روزٹیموں کی تشکیل کا مرحلہ سکریننگ کے نتائج کی بنیاد پرہی شروع کیا جائے گا۔
میراتھن 18جنوری کو شروع ہو گی۔ اس کی سرگرمیاں 5روز تک جاری رہیں گی جن میں ورکشاپس، گفتگواور رہنمائی کے مختلف مراحل ہوں گے۔
اس میں ٹیمیں اپنے نظریات ججوں کے سامنے پیش کرنے کے لئے کی جانے والی تیاری میں مدد حاصل کر سکیں گی۔ جیتنے والی تین ٹیموں کا حتمی نتیجے کا اعلان اورانتخاب 26 جنوری کو کیا جائے گا۔
منتظمین نے اس مسابقے کو میوزیم،  ورثے، فیشن، لائبریریز، ادب ، پکانے کے فن، آرکیٹیکچر، ڈیزائن، تھیٹر اور پرفارمنگ آرٹس نیز موسیقی سمیت 11 ثقافتی کیٹگریز میں تقسیم کر دیا ہے۔
وزارت ثقافت نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ میراتھن تخلیق کاروں،کاروباری افراد اور ثقافتی تقریبات و تہوار وں میں خاص دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں کو اپنے نظریات  و خیالات کے اشتراک، معاونت اور ترقی کا موقع فراہم کرے گی۔ اس کے ساتھ ہی کلچرل آئیڈیاز سینٹر کی چھتری تلے تخلیقی نظریات و خیالات پیدا کرنے کے لئے اہم مقام تخلیق کرے گی۔
 

شیئر: