Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان کو اب تک کی سب سے بڑی نقل مکانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے: لبنانی وزیراعظم

نجیب میکاتی نے کہا کہ ’نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد کا تخمینہ بہت زیادہ ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
لبنان کے وزیراعظم نجیب میقاتی نے کہا ہے کہ شدید اسرائیلی حملوں نے 10 لاکھ افراد کو ملک کے کچھ حصوں سے نقل مکانی پر مجبور کیا ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق نجیب میکاتی نے اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد کا تخمینہ بہت زیادہ ہے اور یہ تعداد 10 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے، جو کہ لبنان کی آبادی کا تقریباً چھٹا حصہ بنتی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ سب سے بڑی نقل مکانی ہے جو لبنان میں ہو سکتی ہے۔‘
جمعے کو اسرائیل نے حزب اللہ کے طاقتور رہنما حسن نصر اللہ کو ایک حملے میں ہلاک کر دیا تھا جس سے لبنان اور خطے کو عدم استحکام کا خدشہ ہے۔
پیر کے بعد سے، لبنان کے مشرق، جنوب اور جنوبی بیروت میں شدید اسرائیلی حملوں میں سیکڑوں افراد ہلاک اور بہت سے لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور کیا گیا ہے۔
رواں ہفتے کے شروع میں اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے سربراہ فلیپو گرانڈی نے کہا تھا کہ ’لبنان کے اندر دو لاکھ سے زیادہ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں اور 50 ہزار سے زیادہ ہمسایہ ملک شام فرار ہو چکے ہیں۔
یہ شدید حملے اس وقت ہوئے ہیں جب اسرائیل نے غزہ کی جنگ پر حزب اللہ کے ساتھ سرحد پار فائرنگ کے تقریباً ایک سال کے بعد اپنے آپریشن کا مرکز غزہ سے لبنان کی طرف منتقل کر دیا ہے۔ حاب اللہ کا کہنا ہے کہ وہ اتحادی حماس کی حمایت میں کام کر رہا ہے۔

شیئر: