Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین فضائیہ کے ’چنئی ایئر شو‘ کے دوران پانچ افراد کی موت کیسے ہوئی؟

وزیر صحت کا کہنا تھا کہ تقریب سے پہلے احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہ کیا گیا تھا (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
تامل ناڈو کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ چنئی میں اتوار کو انڈین فضائیہ کے ایئرشو کے دوران شدید گرمی کی وجہ سے پانچ افراد کی ہلاکت ہوئی۔
انڈین خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق وزیر صحت سبرامنین نے کہا کہ ’تمام پانچ افراد درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔ 102 کے قریب افراد شدید گرمی سے متاثر ہوئے جن میں سے 93 کو فوری علاج کی ضرورت تھی۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’خوش قسمتی سے صورتحال بہتر ہے اور اب صرف سات افراد کی ہسپتال میں زیرِعلاج ہیں۔‘
تامل ناڈو کے وزیر صحت کا کہنا تھا کہ تقریب سے پہلے احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہ کیا گیا تھا۔
تامل ناڈو کی اہم سیاسی جماعت ڈی ایم کے کی ایم پی کنیموزی کروناندھی نے ایئر شو کے دوران مرینا بیچ پر پانچ افراد کی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’یہ جان کر بہت تکلیف اور افسوس ہوا کہ مرینا بیچ، چنئی میں آئی اے ایف کے ایئر شو میں شرکت کے بعد گرمی کی وجہ سے پانچ کی موت ہو گئی۔ ہمیں مستقبل میں ایسے اجتماعات سے گریز کرنا ہوگا جن کا انتظام نہیں کیا جا سکتا۔‘
ڈی ایم کے لیڈر ٹی کے ایس ایلنگوین نے کہا کہ ’مرینا بیچ میں اتنی گنجائش نہیں ہے اور شو کے دوران ایسا نہیں ہوا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ سب سے زیادہ غیر متوقع ہجوم تھا۔ مرینا میں 15 لاکھ لوگ جمع ہوئے۔ اس تقریب کا اہتمام ایئر فورس نے کیا تھا اور ہم ہر جگہ کرسیاں نہیں رکھ سکتے تھے۔ وہ محدود جگہ ہے۔ شو صبح 11 بجے سے دوپہر 1 بجے تک جاری رہا اور زیادہ تر لوگ چھتریاں ساتھ لے کر آئے۔‘
ٹی کے ایس ایلنگوین نے مزید بتایا کہ ایئر فورس نے تمل ناڈو کی حکومت کے ساتھ بات چیت کی ہو گی لیکن مرینا میں اتنے ہجوم کی جگہ نہیں۔ حکومت ہر ایک کو پانی کی بوتل نہیں دے سکتی۔ یہ واقعہ اُس وقت ہوا جب لوگ باہر نکل رہے تھے۔‘
انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ صرف الزام لگا سکتے ہیں لیکن کچھ نہیں کر سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’فوری طور پر 100 سے زائد افراد کو ہسپتالوں میں لے جایا گیا اور ان کا علاج کیا گیا۔ جو لوگ تنقید کر رہے ہیں انہیں عوام نے اقتدار سے باہر کر دیا ہے۔‘
بی جے پی کے قومی ترجمان سی آر کیسوان نے کہا کہ ’یہ حادثہ ڈی ایم کے حکومت کی لاپرواہی اور نااہلی کی مثال ہے۔‘

شیئر: