Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی تجارتی وفد کا دورہ پائیدار اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے: آرمی چیف

سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔
جمعرات کو پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی  ایک اعلٰی سطح کے سرکاری اور تجارتی وفد کے ہمراہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص مختلف شعبوں میں دو طرفہ برادرانہ تعاون کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز کی سربراہی میں سعودی عرب کا ایک اعلٰی سطح کا وفد تین روزہ دورے پر بدھ کو اسلام آباد پہنچا تھا۔
آرمی چیف نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستان کے لیے غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی تجارتی وفد کا دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پائیدار اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔
جنرل عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی عوام سعودی عرب کے لیے احترام اور محبت رکھتے ہیں۔
آرمی چیف نے وفد کو پاکستان کی مکمل حمایت اور عزم کی یقین دہانی کرائی اور امید افزا نتائج کے بارے میں اپنی امید کا اظہار کیا جس سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچے گا۔

شیئر: