Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج وعمرہ کے لیے عارضی ورک ویزوں کی فروخت جرم، 50 ہزار ریال تک جرمانہ

کارکنوں کو دوسرے کے پاس کام کرنے اجازت دینا غیرقانونی عمل ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی نے انتباہ کیا ہے کہ حج وعمرہ کے لیے عارضی ورک ویزوں کو فروخت کرنا جرم ہے، 50 ہزار ریال تک جرمانہ ہوگا‘۔
اخبار24 کے مطابق وزارت حج کی جانب سے سیزنل ورک ویزوں کے اجرا کی مدت میں توسیع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی نے وضاحت کی کہ ’سیزنل ویزوں کو فروخت کرنا یا ان ویزوں پر آنے والے کارکنوں کو کسی دوسرے کے پاس کام کرنے کی اجازت دینا غیرقانونی عمل ہے‘۔
وزارت کا کہنا تھا’ سیزنل ویزوں کے حوالے سے خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت میں 50 ہزار ریال تک جرمانے کے علاوہ اس کمپنی یا ادارے کو حج عمرہ سروسز کے لیے پانچ برس تک بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔ دونوں سزائیں بیک وقت بھی دی جاسکتی ہیں‘۔
سیزنل ورک ویزے کی مدت کے حوالے سے ضوابط میں کہا گیا کہ ’اس سال عارضی ورک ویزوں کی مدت اجرا کے وقت سے ایک برس ہو گی جبکہ ان ویزوں پر آنے والے کارکن 90 دن قیام کرسکیں گے تاہم اس کے بعد اس میں مزید 90 دن کی توسیع کرنا ممکن ہوگا‘۔
 سعودی کابینہ کی جانب سے حج وعمرہ سیکٹر کے لیے بیرون ملک سے عارضی کارکنوں کی درآمد کے لیے ویزوں کے اجرا کا لائحہ عمل کی منظوری دی جا چکی ہے۔
اس اقدام کا مقصد حج وعمرہ شعبے میں خدمات کے معیار کو  بہتر کرنا ہے۔
سیزنل ویزے ماہ شعبان سے جاری ہوں گے جو سال ہجری کے پہلے ماہ محرم کے آخر تک کارآمد رہیں گے۔
 آجر و اجیر کے مابین ورکنگ ایگریمنٹ کیا جائے گا جبکہ کارکن کے لیے میڈیکل انشورنس فراہم کرنا ضروری ہوگا جو ویزے کے اجرا کےلیے لازمی شرط ہے۔

شیئر: