Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’حج وعمرہ کے شعبے میں بڑی ڈیجیٹل تبدیلی سے خدمات کی فراہمی آسان‘

مفت سمارٹ کارڈ منصوبے کی رونمائی حج ایکسپو میں کی گئی (فوٹو عرب نیوز)
برطانوی حجاج کی کونسل کے سی ای او راشد موگرادیا نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب میں حج اور عمرہ شعبے کی تمام سطحوں پر بڑی ڈیجیٹل تبدیلی خدمات کی فراہمی کو ہموار اور عازمین حج کے تجربات میں اضافہ کرے گی۔‘
عرب نیوز کے مطابق جدہ میں حج ایکسپو 2023 سے خطاب کرتے ہوئے راشد موگرادیا نے کہا کہ ’یہ دیکھ کر بہت اچھا محسوس کہ خدمت فراہم کرنے والے ایسی مصنوعات اور خدمات تخلیق کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں جو عازمین حج کے تجربات کو بڑھاتی ہیں۔‘
یاد رہے کہ عازمین کے لیے حج کو آسان بنانے کے لیے مفت سمارٹ کارڈ شروع کرنے کے منصوبے کی رونمائی حج ایکسپو میں کی گئی۔
کارڈ میں عازمینِ حج کی ذاتی معلومات ہوں گی اور اسے الیکٹرانک ایپلی کیشن سے منسلک کیا جائے گا۔
کارڈ کی ڈویلمپنٹ وزارت حج وعمرہ اوراوقاف کی جنرل اتھارٹی کے درمیان ایک معاہدے کے بعد ہوئی ہے۔
راشد موگرادیا نے کہا کہ ’ایکسپو میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ ملنا اور نئے لوگوں کے ساتھ جڑنا بہت اچھا رہا۔‘
انہوں نے کہا کہ نسک کا انٹرایکٹو پویلین خاص طور پرمتاثر کن تھا۔
واضح رہے کہ نسک عمرہ زائرین کی منصوبہ بندی اور بکنگ کا باضابطہ پلیٹ فارم ہے جسے گزشتہ سال وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ نے شروع کیا تھا۔
نسک کے ساتھ دنیا بھر کے عازمین حج ای ویزا کے لیے درخواست دینے سے لے کر ہوٹلوں اور پروازوں کی بکنگ تک آسانی سے پورے دورے کا انتظام کر سکتے ہیں۔
راشد موگرادیا نے کہا کہ ’نسک بہت جلد بین الاقوامی عازمینِ حج کے لیے ایک آن لائن حج پورٹل کے لیے تیار ہے جس سے لوگ براہ راست پیکجوں کا انتخاب اور بکنگ کر سکیں گے۔‘
انہوں نے الربیعہ کے اس اعلان کا خیرمقدم کیا کہ وزارت حج 20 سے زائد نمائشیں تیار کر رہی ہے تاکہ پیغمبر اسلام کی زندگی کو دستاویزی شکل دی جائے  تاکہ حج اور عمرہ زائرین کے سفر کو تقویت ملے۔

شیئر: