Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حزب اللہ نے یوم کپور پر لبنان سے تقریباً 320 میزائل فائر کیے: اسرائیل

سنیچر کو طبی ماہرین نے بتایا کہ غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں کم از کم 19 فلسطینی ہلاک ہوئے (فوٹو: روئٹرز)
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ لبنانی مسلح گروپ حزب اللہ نے یہودیوں کے مقدس ترین دن یوم کپور پر لبنان سے اسرائیل پر تقریباً 320 میزائل فائر کیے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق فوج نے ایک بیان میں کہا کہ یوم کپور کے اختتام پر سنیچر کو حزب اللہ کی طرف سے فائر کیے گئے تقریباً 320 میزائل لبنان سے اسرائیل میں داخل ہوئے۔
ایک الگ بیان میں فوج نے کہا کہ شمالی غزہ سے، جہاں اسرائیل فلسطینی عسکریت پسندوں سے لڑ رہا ہے، عسقلان شہر کی طرف کراسنگ کرتے ہوئے دو پراجیکٹائل کی بھی نشاندہی کی گئی، لیکن وہ آبادی والے علاقے میں نہیں گرے۔
سنیچر کو طبی ماہرین نے بتایا کہ غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں کم از کم 19 فلسطینی ہلاک ہوئے، جبکہ فورسز جبالیہ کے علاقے میں مزید گہرائی تک پہنچ رہی ہیں، جہاں بین الاقوامی امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ ہزاروں افراد پھنسے ہوئے ہیں۔
رہائشیوں نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے جبالیہ پر گولہ باری جاری رکھی، جو کہ غزہ کے شمال میں ہے اور اسکے تاریخی مہاجر کیمپوں میں سے سب سے بڑا ہے۔
اسرائیلی فوج نے سنیچر کو غزہ شہر کے شمالی کنارے کے دو محلوں کے لیے نئے انخلاء کے احکامات جاری کیے اور کہا کہ یہ علاقہ ایک ’خطرناک جنگی علاقہ‘ ہے۔
ایک بیان میں غزہ کی حماس کے زیرانتظام وزارت داخلہ نے رہائشیوں پر زور دیا کہ وہ شمالی علاقوں میں منتقل نہ ہوں اور جنوب کی طرف جانے سے بھی گریز کریں۔
ہلاکتوں کے بارے میں اسرائیل کی طرف سے کوئی تازہ تبصرہ نہیں کیا گیا ہے لیکن فوج نے گذشتہ دنوں کہا تھا کہ جبالیہ اور قریبی علاقوں میں آپریشن کرنے والی فورسز نے درجنوں عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا اور وہاں موجود ہتھیار اور فوجی انفراسٹرکچر کو تباہ کیا۔
اس علاقے میں آپریشن ایک ہفتہ قبل شروع ہوا تھا اور فوج نے کہا تھا کہ اس کا مقصد حملے کرنے والے عسکریت پسندوں کے خلاف لڑنا اور حماس کو دوبارہ منظم ہونے سے روکنا ہے۔
فلسطینی محکمہ صحت کے حکام نے گذشتہ ایک ہفتے کے دوران جبالیہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 150 کے قریب بتائی ہے۔

شیئر: