اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے تاجکستان اور بیلاروس کے وزرائے اعظم سے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے تاجکستان کے وزیراعظم قاہر رسول زادہ سے ملاقات کی۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس میں تاجکستان کی فعال اور تعمیری شرکت کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بطور برادر ممالک اور علاقائی شراکت دار، پاکستان اور تاجکستان کے مابین دوستی اور تعاون کا پائیدار رشتہ ہے۔
تاجک وزیرِاعظم قاہر رسول زادہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کی چیئر کی حیثیت سے پاکستان کی جانب سے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔
شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کی سائیڈ لائینز پر وزیراعظم پاکستان سے بیلاروس کے وزیراعظم رومن گولووچینکو نے ملاقات کی۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بیلاروس کی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے، وزیراعظم شہباز شریف نے بیلاروس کو ایس سی او کا مکمل رکن بننے پر مبارک باد پیش کی، اور ’شنگھائی سپرٹ‘ کو فروغ دینے میں بیلاروس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کرغستان کی کابینہ کے چیئرمین اکیل بیک جاپاروف کے ساتھ بھی دو طرفہ ملاقات کی۔
وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس میں جمہوریہ کرغزستان کی شرکت کا شکریہ ادا کیا اور ایس سی او کے موجودہ سربراہ کی حیثیت سے کرغستان کی جانب سے پاکستان کی حمایت کو سراہا۔
اکیل بیک جاپاروف نے پاکستان کی طرف سے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم شہباز شریف کو مبارک باد پیش کی اور ساتھ ہی دورے پر آئے ہوئے وفود کے پرتپاک استقبال، بہترین انتظامات اور شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔
-----------------------------------------------------------------------------
چین کے وزیراعظم کی صدر زرداری سے ملاقات، سٹریٹجک تعاون مزید گہرا کرنے کا عزم
صدر پاکستان آصف علی زرداری سے چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے ملاقات کی ہے۔
منگل کو ایوان صدر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان اور چین نے معیشت، سرمایہ کاری اور علاقائی روابط سمیت اہم شعبوں میں سٹریٹجک تعاون مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں ممالک نے پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ چینی کمپنیوں کو پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری سے پاکستان میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں نومبر چین کا دورہ کروں گا۔ پرانے دوستوں کے ساتھ رابطہ قائم کرنے، تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے بات چیت کا منتظر ہوں۔‘
صدر مملکت نے دہشت گردانہ حملے میں دو چینی شہریوں کی ہلاکت پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دلخراش واقعہ پوری قوم کے لیے تکلیف کا باعث بنا۔
’پاک چین دوستی کے دشمن چینی شہریوں کو نشانہ بنا کر دوطرفہ تعلقات خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پاک چین دوستی کے دشمن سی پیک منصوبوں کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دشمن اپنی مذموم کوششوں میں کامیاب نہیں ہوں گے۔‘
چین کے وزیراعظم لی چیانگ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین اچھے بھائی، پڑوسی، شراکت دار اور دوست ہیں، صدر شی جن پنگ کی قیادت میں پاک چین سٹریٹجک تعاون مزید گہرا ہوتا رہے گا۔
انہوں نے سی پیک کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
چین کے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے چینی کمپنیوں کی مدد جاری رکھے گا۔ امید ہے کہ پاک چین تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔
چینی وزیراعظم نے ’ون چائنا‘ پالیسی، تائیوان، تبت، ہانگ کانگ، سنکیانگ اور بحیرہ جنوبی چین سمیت تمام بنیادی مسائل پر چین کی مضبوط حمایت پر پاکستان کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور خوشحالی کی حمایت جاری رکھے گا۔
-------------------------------------------------------------------------------------------