Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شہری جنہوں نے کینسر سے لڑنے کے لیے گاڑی کو ’موبائل ہوم‘ بنا لیا

کینسر میں مبتلا شہری کے مطابق ماہر نفسیات نے خوش رہنے کی عادت اپنانے کا مشورہ دیا۔ ( فوٹو: سکرین گریب)
کینسر کے مرض میں مبتلا سعودی شہری عبدالرحمن الاسمری نے بیماری سے لڑنے کے لیے گاڑی کو گھر میں تبدیل کر لیا۔
سعودی ٹی وی العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرحمن الاسمری نے بتایا کہ ’کافی عرصے سے کمزوری رہنے لگی تھی جب مکمل طبی معائنہ کیا تو معلوم ہوا کہ کینسر کا موذی مرض لاحق ہو چکا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا ’جب بیماری کے بارے میں سنا تو کچھ دن شدید ذہنی تکلیف میں گزرے۔ یہ یقین نہیں ہو رہا تھا کہ کینسر کا مرض لاحق ہو چکا ہے‘۔
’ایک نفسیاتی ماہر سے رجوع کیا اس نے تسلی دی اور کہا کہ اس حوالے سے زیادہ نہ سوچو کیونکہ سوچنے سے کچھ فائدہ نہیں بلکہ الٹا نقصان ہو گا‘۔
ماہر نفسیات نے مشورہ دیا کہ خوش رہنے کی عادت ڈالوں اور زیادہ وقت سیر و تفریح میں گزاروں۔ ڈاکٹر کی بات پرعمل کرتے ہوئے مملکت کے ان مقامات پر جانے کا منصوبہ بنایا جہاں آج تک گیا ہی نہیں تھا۔
سعودی شہری کا کہنا تھا ’اپنے محدود وسائل کو استعمال کرتے ہوئے گاڑی میں بعض اہم تبدیلیاں کرائیں اور اسے ایک کمرے بلکہ چھوٹے سے گھر میں تبدیل کر دیا‘۔
’اب یہ گاڑی ہی میرا گھر اور ہوٹل ہے جس کے ذریعے میں مملکت کی سیر کر رہا ہوں‘۔
عبدالرحمن الاسمری نے کہا ’اب میں جہاں جاتا ہوں میرا گھر میرے ساتھ ہوتا ہے جہاں ہر ضرورت کی چیز موجود ہے‘۔
’گاڑی کی چھت پر سیٹلائٹ ڈش بھی نصب کی ہے جبکہ چھوٹا جینریٹر گاڑی کے عقب میں فٹ کیا جس سے بجلی کی ضرورت پوری ہوتی ہے‘۔

شیئر: