Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملتان ٹیسٹ: دوسرے دن کے اختتام پر انگلینڈ کے پاکستان کے خلاف 239 رنز پر 6 آؤٹ

تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں انگلینڈ کو پاکستان پر 1-0 کی برتری حاصل ہے (فوٹو: اے ایف پی)
ملتان میں جاری پاکستان اور انگلینڈ کے  ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا اختتام ہو گیا ہے۔ 
تین میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنا لیے ہیں۔
انگلینڈ کی جانب سے بن ڈکیٹ نے سینچری سکور کی اور 114 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ 
انگلینڈ کے زیک کرالی نے 27 رنز بنائے جبکہ اولی پوپ نے 29، جو روٹ 34 ہیری بروک 9 اور بین سٹوکس 1 رن بنا کر پولین لوٹ گئے۔
پاکستان کی طرف سے ساجد خان نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ نعمان علی نے انگلینڈ کے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 
اس سے قبل پاکستان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 366 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی تھی۔
میچ کے پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 259 بنائے تھے۔ 
دوسرے دن کا آغاز سلمان آغا اور محمد رضوان نے کیا جو زیادہ تیر تک کریز پر جمے نہ رہ سکے۔ 
محمد رضوان 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے بع سلمان علی آغا 31 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ 
قومی ٹیم کو آٹھواں نقصان ساجد خان کی شکل میں اٹھانا پڑا جو دو رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جبکہ عامر جمال 37، نعمان علی 32 اور ساجد خان 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی جانب سے بولر جیک لیچ نے 4، برائیڈن کارس نے 3، میتھیو پوٹس نے دو جبکہ شعیب بشیر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 
 گزشتہ روز میچ کے آغاز میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
اننگز کے آغاز میں ہی قومی ٹیم کی جانب سے اوپنر عبداللہ شفیق 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان شان مسعود 3، سعود شکیل 4،  صائم ایوب 77 جبکہ کامران غلام 118 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔
جہاں کامران غلام اپنی ڈیبیو ٹیسٹ سینچری کرنے میں کامیاب ہوئے وہیں وہ ڈیبیو ٹیسٹ میں سینچری بنانے والے 13ویں پاکستانی کرکٹر بھی بن گئے ہیں۔
واضح رہے بابر اعظم کو ٹیسٹ سکواڈ سے ڈراپ کیے جانے کے بعد کامران غلام کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا تھا۔ 
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، عبداللہ شفیق، شان مسعود (کپتان)، کامران غلام، سعود شکیل (نائب کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، عامر جمال، نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود کو شامل کیا گیا ہے۔ 
دوسری جانب انگلینڈ کے پلیئنگ الیون میں زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، بین اسٹوکس (کپتان)، جیمیاسمتھ (وکٹ کیپر)، برائیڈن کارس، میٹ پوٹس، جیک لیچ اور شعیب بشیر شامل ہیں۔  
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، تیسرا ٹیسٹ 24 اکتوبر سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
 

شیئر: