Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کا دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کے لیے سکواڈ کا اعلان، بابر اعظم ٹیم سے ڈراپ

پاکستانی ٹیم کے سکواڈ میں ساجد خان، نعمان علی، حسیب اللہ، مہران ممتاز اور کامران غلام کو شامل کیا گیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ سلیکٹرز نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میچوں کے لیے اپنے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جو بالترتیب 15 اور 24 اکتوبر کو ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے اتوار کو جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اہم کھلاڑیوں کی موجودہ فارم اور فٹنس کو مدنظر رکھتے ہوئے اور 2024-25 کے بین الاقوامی کرکٹ سیزن میں پاکستان کی مستقبل کی ذمہ داریوں کو دیکھتے ہوئے سلیکٹرز نے بابر اعظم، نسیم شاہ، سرفراز احمد اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق ابرار احمد ڈینگی بخار سے صحتیاب ہو رہے ہیں لہٰذا انتخاب کے لیے دستیاب نہیں تھے۔
چاروں کھلاڑیوں کی جگہ حسیب اللہ، مہران ممتاز، کامران غلام، فاسٹ بولر محمد علی، اور آف سپنر ساجد خان کو شامل کیا گیا ہے۔ نعمان علی اور زاہد محمود جو کہ ابتدائی طور پر اصل سکواڈ کا حصہ تھے لیکن بعد میں انہیں ریلیز کر دیا گیا تھا اور انہیں بھی 16 کھلاڑیوں کے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
انگلینڈ کے خلاف دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم کے سکواڈ میں شان مسعود (کپتان) سعود شکیل (نائب کپتان) عامر جمال، عبداللہ شفیق، حسیب اللہ (وکٹ کیپر) کامران غلام، مہران ممتاز، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر) نعمان علی، صائم ایوب، ساجد خان، سلمان علی آغا اور زاہد محمود شامل ہیں۔
مینز نیشنل سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ کے لیے ٹیم کا انتخاب سلیکٹرز کے لیے ایک مشکل کام رہا ہے، بین الاقوامی کرکٹ سے وقفے سے کھلاڑیوں کو فٹنس اور اعتماد بحال کرنے میں مدد ملے گی۔
علاوہ ازیں حسیب اللہ اور مہران ممتاز، جو اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے لیے پاکستان شاہینز کے سکواڈ کا حصہ تھے ان کی جگہ معاذ صداقت اور روحیل نذیر کو شامل کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ 18 اکتوبر سے اومان میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: