Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلینڈ کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ، پاکستان ٹیم کی پلیئنگ الیون کا اعلان

تین میچز کی ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ کو پاکستان پر 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون کا اعلان کر دیا ہے۔ 
15 اکتوبر سے ملتان میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے۔ 
پی سی بی کی نئی سلیکشن کمیٹی نے اتوار کو پاکستان کے متعدد پلیئرز کو سکواڈ سے ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جن میں بابر اعظم، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور سرفراز احمد شامل تھے۔ 
اس فیصلے کے بعد دوسرے ٹیسٹ میچ کی پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، عبداللہ شفیق، شان مسعود (کپتان)، کامران غلام، سعود شکیل (نائب کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، عامر جمال، نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود کو شامل کیا گیا ہے۔ 
دوسری جانب انگلینڈ کے پلیئنگ الیون میں زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، بین اسٹوکس (کپتان)، جیمیاسمتھ (وکٹ کیپر)، برائیڈن کارس، میٹ پوٹس، جیک لیچ اور شعیب بشیر شامل ہیں۔ 
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، تیسرا ٹیسٹ 24 اکتوبر سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیموں نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے اپنی پلیئنگ الیون کی تصدیق کر دی ہے، انگلش ٹیم کے کپتان بین سٹوکس انجری کی وجہ سے پہلے ٹیسٹ سے باہر ہونے کے بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں۔
پاکستان کے لیے 29 سالہ کامران غلام کل اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کرنے کے لیے تیار ہیں۔ دائیں ہاتھ کے بیٹر نے 59 فرسٹ کلاس میچ کھیلے ہیں اور 49.17 کی اوسط سے 4,377 رنز بنائے ہیں جس میں 16 سینچریاں اور 20 نصف سینچریاں شامل ہیں۔

شیئر: