Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں ٹرین نے 40 بھیڑوں کو کچل دیا

خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں حکیم آباد کے قریب کراچی جانے والی ٹرین نے بھیڑوں کے ریوڑ کو کچل دیا۔
نوشہرہ میں گذشتہ شب حکیم آباد پھاٹک کے قریب چرواہے کی مویشی کراچی جانے والی ٹرین کی زد میں آگئے جس کے نتیجے میں 40 بھیڑیں موقع پر ہلاک ہو گئیں جبکہ ریل کی ٹکر سے 10 جانور زخمی ہوئے۔ 
علاقہ مکین کے مطابق علی الصبح اس وقت حادثہ پیش آیا جب بھیڑوں کا ریوڑ پھاٹک سے گزر رہا تھا، ریل حادثے میں چرواہے اور اس کے ساتھی محفوظ رہے۔
اس واقعہ پر نوشہرہ ریلوے سٹیشن انتظامیہ نے موقف اپنایا کہ رات کے اوقات میں 3 ٹرینیں یہاں سے گزرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکیم آباد پھاٹک میں اکثر افغان مہاجرین مویشی لے کر رات کو پٹری کے قریب قیام کرتے ہیں جن کو متعدد بار ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متنبہ کیا گیا ہے۔ تاہم ریلوے حکام پولیس کی مدد سے اس حادثے کی تفتیش کررہے ہیں۔
دوسری جانب ہلاک شدہ جانوروں کی وجہ سے تعفن پھیلنے کے باعث مقامی شہریوں نے میونسپل کمیٹی کو ہلاک ہونے والے بھیڑوں کو ٹھکانے لگانے کی درخواست کی، جبکہ حکومت سے مویشی مالک کے لاکھوں کے نقصان کے ازالے کا مطالبہ بھی کیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پنجاب کالج میں مبینہ زیادتی کے خلاف  مختلف شہروں میں احتجاج
پنجاب کالج میں طالبہ سے مبینہ زیادتی کے خلاف اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں طلبا کا احتجاج جاری ہے۔ 
جمعرات کی صبح کو راولپنڈی، اسلام آباد اور لاہور سے شروع ہونے والا احتجاج دیگر شہروں میں بھی پھیل گیا۔
احتجاج کرنے والے طلبا نے پنجاب کالج کے مختلف کیمپسز میں توڑ پھوڑ کی اور املاک کو نقصان پہنچایا۔ 
طلبا نے گجرات اور چکوال میں بھی پنجاب کالجز کے کیمپسز میں توڑ پھوڑ کی جبکہ مورگاہ جہلم روڈ اور گوجرخان جی ٹی روڈ پر بھی مظاہرہ کیا۔
توڑ پھوڑ میں ملوث 150 سے زیادہ افراد کو راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا ہے جبکہ لاہور میں 250 طلبا کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
راولپنڈی کی سکستھ روڈ پر موجود طلبا مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے شیلنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ طلبا نے پولیس کی گاڑیوں پر بھی پتھراؤ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان سے غزہ اور لبنان کے لیے امدادی سامان کی 12ویں کھیپ روانہ

پاکستان میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر غزہ اور لبنان کے لیے امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان این ڈی ا یم اے کے مطابق جمعرات کو جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ کراچی سے امدادی سامان کی 12ویں کھیپ روانہ کر دی گئی۔ ابھی تک غزہ کے لیے 10 جبکہ لبنان کے لیے دو امدادی کھیپیں روانہ کی جا چکی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ لبنان کے لیے روانہ کی گئی دوسری امدادی کھیپ میں ادویات، تیار گوشت، خیمے، ترپال، گرم بستر، گرم کپڑے اور خشک دودھ شامل ہیں۔

شیئر: