Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حماس کے رہنما یحییٰ سنوار ہلاک ہوگئے ہیں: اسرائیلی وزیر خارجہ کی تصدیق

حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی ہلاکت کے بعد یحییٰ سنوار کو اس تنظیم کا سربراہ بنایا گیا تھا (فائل فوٹو: اے پی)
اسرائیل کے وزیر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ حماس کے رہنما یحییٰ سنوار جمعرات کو ہلاک ہوگئے ہیں۔
اس سے قبل جمعرات کو ہی اسرائیلی سکیورٹی کابینہ نے کہا تھا کہ حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کی ہلاکت کا غالب امکان ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جمعرات کو اس بارے میں معلومات رکھنے والے دو عہدے داروں نے یہ بات کہی ہے۔
قبل ازیں جمعرات ہی کو اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ وہ اس امکان کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا حماس کے رہنما یحییٰ سنوار غزہ کی پٹی میں آپریشن کے دوران ہلاک ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ انہوں نے تین عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا ہے۔ ’اس وقت دہشت گردوں کی شناخت سے متعلق تصدیق نہیں کی جا سکتی۔‘
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ جس عمارت میں عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا گیا، وہاں اسرائیلی یرغمال افراد کی موجودگی کے کوئی شواہد نہیں ملے۔
حماس کی جانب سے اسرائیلی فوج کے اس دعوے پر تاحال کوئی باقاعدہ تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔
روئٹرز کے مطابق 7 اکتوبر 2023 میں اسرائیل پر کیے گئے حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے یحییٰ سنوار اسرائیل کے مطلوب افراد میں سرفہرست ہیں لیکن گزشتہ دو دہائیوں سے وہ روپوش تھے۔
اگست میں ایران میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی ہلاکت کے بعد یحییٰ سنوار کو اس تنظیم کا سربراہ بنایا گیا تھا۔

شیئر: