این ڈی ٹی وی کے مطابق روزانہ چہل قدمی کرنے سے دل کی بیماریوں، ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر جیسی دائمی بیماریوں کے خطرے میں کمی آتی ہے۔
چلنے پھرنے سے ذہنی صحت بھی بہتر ہوتی ہے، یہ تناؤ کو کم کرتا ہے، مزاج کو خوش رکھتا ہے اور علمی فعالیت کو بہتر بناتا ہے۔
روزمرہ کی زندگی میں چہل قدمی کی عادت کو اپنانے سے ہاضمہ بہتر ہوتا ہے، میٹابولزم کو بڑھاتا ہے اور جوڑوں کی حرکت کو بہتر بناتا ہے۔
باقاعدہ چلنے سے بہتر نیند آتی ہے اور توانائی کی سطح بھی بہتر ہوتی ہے۔
آئیے آپ کو کچھ ایسے طریقوں سے آگاہ کرتے ہیں جن پر عمل پیرا ہو کر روزانہ باآسانی 10 ہزار قدم چلا جا سکتا ہے۔
حقیقت پسندانہ اہداف مقرر کریں
حقیقت پسندانہ اہداف مقرر کریں اور آہستہ آہستہ اس ہدف کو بڑھاتے جائیں۔
اگر آپ نئے نئے چہل قدمی کرنے لگے ہیں تو پہلے پانچ ہزار قدموں سے شروع کریں۔
اس طرح کا آسان ہدف آپ کو تنگ بھی نہیں کرے گا اور باآسانی بغیر تھکے اور خود کو نقصان پہنچائے اس ہدف کو حاصل بھی کر لیں گے۔
چہل قدمی کو چھوٹے چھوٹے حصوں میں تقسیم کریں
ایک ہی سانس میں ایک ساتھ 10 ہزار قدم طے کرنے کے بجائے آپ انہیں مختلف حصوں میں تقسیم کریں۔
ہر چند ہزار قدموں کے بعد ایک بریک رکھیں، کچھ پل کا آرام کریں اور پھر دوبارہ سے چہل قدمی کا آغاز کریں۔
ایسا بھی ممکن ہے کہ ہر ایک میل کے بعد کچھ پل کا آرام کریں اور پھر دوبارہ سے اپنے مقصد پر لگ جائیں۔
فٹنس ٹریکر کا استعمال
فٹسن ٹریکر یا پھر پیڈو میٹر کی مدد سے آپ بآسانی اس عمل پر نظر رکھ پائیں گے کہ آپ کُل کتنے قدم چلے ہیں۔
اس وجہ سے ایک تو آپ کا چہل قدمی کے ساتھ دھیان بنا رہے گا اور دوسرا جب آپ اپنے طے شدہ ہدف سے پہلے کاہلی دکھائیں گے تو آپ کو یہ یاد دلائے گا کہ آپ نے تو اپنا ہدف مکمل کرنا ہے۔
چہل قدمی کے دوران فون کالز کریں
یہ ایک بہترین عمل ہو سکتا ہے کہ آپ اپنی چہل قدمی کے دوران اپنے دوستوں سے یا کال پر بات کر سکتے ہیں یا پھر وہ ضروری کالیں جو آپ کو روزانہ کرنا ہوتی ہیں وہ ایسے وقت میں شیڈول کریں جب آپ نے چہل قدمی کرنی ہو۔
اس اقدام سے آپ بڑی آسانی سے غیر محسوس طریقے سے اپنی واک یا چہل قدمی مکمل کر لیں گے۔
اپنی گاڑی یا بائیک کو دور پارک کریں
جب آپ خریداری کر رہے ہوں یا پھر کھانا کھانے کے لیے کسی ریسٹورنٹ جا رہے ہوں تو کوشش کریں کہ اپنی گاڑی اس جگہ سے تھوڑی دور پارک کریں۔
اس عادت کی وجہ سے آپ اپنی روزمرہ کی زندگی میں تھوڑا زیادہ چل لیں گے۔
اس کے علاوہ بھی دیگر ایسے کئی طریقے اور تجاویز ہیں جن پر عمل کر کے آپ زیادہ سے زیادہ چہل قدمی کی عادت کو بہتر بنا سکتے ہیں۔