سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر قاضی فائز عیسیٰ کی لندن ٹیمپل آمد کی ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں جہاں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔
وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی کو گھیر کر ساتھ چلتے ہوئے نعرے بازی کر رہے ہیں۔
اس موقع پر ملیکہ بخاری، ذلفی بخاری، اظہر مشوانی اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں نے مظاہرین سے خطاب بھی کیا تھا۔
لندن میں مقیم پاکستانی صحافی مرتضی علی شاہ نے ایکس پر واقعے کی ایک اور ویڈیو شیئر کی ہے جس میں پی ٹی آئی لندن کے رہنما عامر خان مڈل ٹیمپل کے ایک پاکستانی بیرسٹر سے بحث کر رہے ہیں۔
اس ویڈیو میں بیرسٹر پی ٹی آئی کے کارکنان کو سمجھاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں اور انہیں تلقین کر رہے ہیں کہ وہ احتجاج ضرور کریں مگر گالم گلوچ مت کریں۔
واضح رہے حال ہی میں قاضی فائز عیسیٰ کو برطانیہ کی قدیم ترین قانونی درسگاہ مڈل ٹیمپل میں بطور بینچر شامل کیا گیا تھا اور اس سلسلے میں 29 اکتوبر کو ان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا جانا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف برطانیہ نے اس تقریب کے موقع پر مڈل ٹیمپل کے باہر احتجاج کا اعلان کیا تھا۔
سپریم کورٹ میں سابق چیف جسٹس کے چیمبر کے مطابق قاضی فائز عیسیٰ پاکستان کی پہلی شخصیت ہیں جنہیں مڈل ٹیمپل میں بطور بینچر منتخب کیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ میں اپنے اعزاز میں منعقد فل کورٹ اجلاس میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے بتایا تھا کہ ان کی تین نسلوں نے مڈل ٹیمپل سے قانون کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔
قاضی فائز عیسیٰ کے والد قاضی عیسیٰ بھی مڈل ٹیمپل کے گریجویٹ تھے جبکہ قاضی فائز عیسیٰ نے بھی 42 سال قبل یہیں سے قانون کی تعلیم مکمل کی جبکہ ان کی صاحبزادی سحر قاضی نے بھی اسی ادارے سے قانون کی ڈگری مکمل کر رکھی ہے۔
سپریم کورٹ حکام کے مطابق سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو اس سال مئی میں تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔
قاضی فائز عیسیٰ نے مڈل ٹیمپل کی انتظامیہ کو آگاہ کیا تھا کہ وہ 25 اکتوبر کو اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد ہی شرکت کر سکتے ہیں جس پر ان کے اعزاز میں تقریب کی تاریخ 29 اکتوبر مقرر کی گئی۔
مڈل ٹیمپل لندن کے چار تاریخی اور معتبر قانونی اداروں میں سے ایک ہے جنہیں ’اِنز آف کورٹ‘ کہا جاتا ہے۔ ان اداروں میں قانون کے طلبہ کو تربیت دی جاتی ہے اور وکالت میں داخلے کا لائسنس دیا جاتا ہے۔
مڈل ٹیمپل کی بنیاد 14ویں صدی میں رکھی گئی تھی اور یہ صدیوں سے برطانوی قانونی نظام کے مرکز میں ایک اہم مقام رکھتی ہے۔
یہ ادارہ وکلا کو بار میں شمولیت کے لیے تربیت اور لائسنس فراہم کرتا ہے۔ اس کے ممبران میں نہ صرف برطانوی بلکہ عالمی سطح پر کئی اہم قانونی شخصیات شامل رہی ہیں۔ مڈل ٹیمپل کے گریجویٹس میں سر تھامس مور، ایڈمنڈ برک اور مہاتما گاندھی جیسی اہم شخصیات شامل ہیں۔