لائیو: انسداد دہشت گردی عدالت، ایمان مزاری اور ہادی علی کی ضمانت منظور
جمعرات 31 اکتوبر 2024 10:55
اسلام آباد کی معروف وکیل ایمان مزاری اور اُن کے شوہر عبدالہادی ایڈووکیٹ کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کارِسرکار میں مداخلت اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمے میں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے 20، 20 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کرنے کی ہدایت کی۔
اسلام آباد میں چند دن قبل انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی کے لیے لگائے گئے روٹ پر مداخلت کے الزام میں ایمان مزاری اور عبدالہادی پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
دونوں کی جانب سے وکلا کی ٹیم پیش ہوئی جس میں ریاست علی آزاد، قیصر امام، زینب جنجوعہ اور احسن پیرزادہ شامل تھے۔
قبل ازیں عدالت نے دونوں کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ اور اس کے بعد جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجا تھا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کارساز حادثے کی ملزمہ نتاشا اقبال بری
کراچی کی مقامی عدالت نے کارساز کے علاقے میں باپ بیٹی کو گاڑی سے ٹکر مارنے والی ملزمہ کو بری کر دیا ہے۔
جمعرات کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی نے کارساز ٹریفک حادثے میں ہلاک ہونے والے باپ بیٹی کے اہلِ خانہ کی جانب سے صلح نامے کے بعد ملزمہ کو بری کر دیا۔
کیس کی سماعت شروع ہوئی تو وکیل صفائی نے موقف اپنایا کہ ملزمہ نتاشہ علیل ہیں اس لیے پیش نہیں ہوسکتیں۔ جس پر عدالت نے حکم دیا کہ ملزمہ کو 2 بجے تک پیش کیا جائے اور سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کر دی۔
بعدازاں عدالت میں متاثرہ اہلِ خانہ کی جانب سے صلح نامہ جمع کرایا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ ’اللہ کی رضا کی خاطر‘ ملزمہ کو معاف کرتے ہیں۔ مقامی عدالت نے متاثرین کے صلح نامے کو قبول کرتے ہوئے ملزمہ کو بری کر دیا۔
سماعت کے دوران متاثرہ خاندان اور زخمی افراد کے علاوہ ان کے اہلِ خانہ بھی عدالت میں موجود تھے۔
یاد رہے کہ 19 اگست کو کراچی ضلع شرقی کے علاقے کارساز روڈ پر ایک تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے تھے۔
واقعے کے بعد موقع پر موجود شہریوں نے باپ اور بیٹی کی ہلاکت پر احتجاج کیا تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا تھا کہ گاڑی کی ڈرائیور نتاشا نامی خاتون کے خلاف کارروائی کی جائے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے ڈرائیور ملزمہ کو گرفتار کیا تھا اور میڈیکل ٹیسٹ کے لیے خاتون کو جناح ہسپتال منتقل کیا تھا۔
بعد ازاں لیبارٹری رپورٹ کے مطابق ملزمہ نتاشا سے حاصل کیے گئے نمونوں میں میتھ میٹافائن (آئس) کی موجودگی ثابت ہوئی۔
لیبارٹری رپورٹ کی بنیاد پر ملزمہ کے خلاف منشیات کے استعمال کے قانون کے تحت ایک اور مقدمہ بھی درج کر دیا گیا تھا۔
ملزمہ نتاشا کے خلاف امتناع منشیات کا مقدمہ زیرِ سماعت ہے جس میں وہ ضمانت پر ہیں۔ ان کے خلاف کارساز حادثہ اور امتناع منشیات ایکٹ کے دو مقدمات تھانہ بہادر آباد میں درج ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے کی نجکاری کے لیے بولی آج
پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے کی نجکاری کے لیے بولی آج ہوگی۔ نجکاری کمیشن بورڈ اور کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس بھی ہوں گے۔ جس میں پی آئی اے کی بڈنگ کے لیے ریزرو پرائس کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے لیے نجکاری کمیشن نے ابتدائی طور پر 6 کنسورشیمز کو بولی دینے کے لیے اہل قرار دیا تھا۔ ان میں سے 5 کنسورشیمز نے بولی کے عمل میں حصہ نہیں لیا۔
حکومت نے ایئر بلیو لمیٹڈ، عارف حبیب کارپوریشن لمیٹڈ، ایئر عربیہ کی فلائی جناح، وائی بی ہولڈنگز پرائیویٹ، پاک ایتھنول پرائیویٹ اور رئیل اسٹیٹ کنسورشیم بلیو ورلڈ سٹی کو پی آئی اے میں اکثریتی حصص کے لیے شارٹ لسٹ کیا تھا۔
نجکاری کمیشن کے بورڈ نے تفصیلی جائزے کے بعد تکنیکی، مالی اور دستاویزی ضروریات کی بنیاد پر ان کمپنیوں کو اگلے مرحلے کے لیے اہل قرار دیا۔
کامیاب بولی دہندگان پی آئی اے کے 51 سے 100 فیصد حصص خریدنے کے اہل ہوں گے۔
یاد رہے کہ پی آئی اے ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی ہے جس کا 96 فیصد سرمایہ حکومت کے پاس ہے۔
سیکریٹری نجکاری عثمان اختر باجوہ نے اس عمل میں حصہ لینے والے بولی دہندگان کی تعداد کی تصدیق کرنے سے گریز کیا۔
پی آئی اے مختلف کاروباری شعبوں میں خدمات فراہم کرتی ہے، جن میں مسافروں کی خدمات، گراؤنڈ ہینڈلنگ، فلائٹ ٹریننگ، کارگو، انجینئرنگ اور ان فلائٹ کیٹرنگ شامل ہیں۔
دوسری جانب نجکاری کمیشن نےقومی ایئر لائن پی آئی اے کی بولی کی تیاریاں مکمل کر لیں۔ نجکاری کمیشن حکام کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کی حتمی منظوری نجکاری کمیشن بورڈ اجلاس سے لی جائے گی۔ کابینہ کی نجکاری کمیٹی سے بھی پی آئی اے کی نجکاری کی منظوری لی جائے گی۔
وفاقی کابینہ سے پی آئی اے کی ریزو پرائس کی منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے حاصل کیے جانے کا امکان ہے۔ پی ائی اے کی نجکاری کا عمل اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں کیا جائے گا۔ بولی کی تقریب سرکاری ٹی وی پر براہ راست دکھائی جائے گی۔ پی آئی اے کی نجکاری سے حکومت کو ائیر لائن کے خسارے اور قرض کی ادائیگی میں اربوں روپے سالانہ کی بچت ہونے کا امکان ہے۔
حقیقی آزادی کی جنگ جاری رہے گی: علی امین گنڈاپور
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ اُن کی سیاسی جماعت پی ٹی آئی کی حقیقی آزادی کی جنگ ہر صورت جاری رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارا ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے۔ صوبے میں بہت جلد سرمایہ کاری بحال کریں گے۔‘
گنڈاپور نے کہا کہ صوبے کے وسائل محدود ہیں۔
پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی نے کہا کہ نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں، ان کو محنت کرنا ہوگی۔ ’محنت کرنی چاہیے کیونکہ اس کا کوئی متبادل نہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’حقیقی آزادی کی جنگ جاری رہے گی، یہ جنگ ہماری نسلوں کی ہے۔‘